اہلسنت والجماعت لویر چترال کے زیر اہتمام عمرو حسین سیمینارکا انعقاد
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) اہلسنت والجماعت لویر چترال کے زیر اہتمام چترال پریس کلب میں منعقدہ عمرو حسین سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اسلام کی ترقی اور اشاعت میں خلیفہ دوم حضرت عمر فاروق اور شہید کربلا حضرت حسین رضی اللہ عنہ کی خدمات اور مرتبے پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ ان دونوں صحابہ رسول کے کردار پر پوری انسانیت کو ناز رہے گا۔ سیمینار سے تنظیم اہلسنت والجماعت کے صدر اور معروف عالم دین حافظ خوش ولی خان، سیکرٹری حاجی اکبرمعاویہ، بلبل چترال مولانا اسرارالدین الہلال، مولانا حاجی اکبر ندیم، مولانا جمشید احمد، محمد کوثر ایڈوکیٹ، الحاج عیدالحسین المعروف ابن بطوطہ چترال، مولانا سراج الدین ندیم اور دوسروں نے خطاب کیا۔
انہوں نے کہاکہ حضرت عمر فاروق نے 22لاکھ مربع میل پر اسلامی سلطنت قائم کی اور ایڈمنسٹریشن کا ایک مربوط نظام سے دنیا کو آشناکردیاجبکہ حضرت حسین رضی اللہ عنہ نے باطل کے سامنے سرنگون ہونے کے بجائے میدان میں مقابلہ کرکے رہتی دنیا تک مسلمانوں کے سامنے ثابت کردیاکہ اسلام کی سربلندی کی خاطر سر کٹائی جاسکتی ہے مگر اسے جھکایا نہیں جاسکتا اور کربلا کے بعد فتح اسلام کی ہوتی ہے۔ حافظ خوش ولی نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیاکہ چترال میں صحابہ کرام کی سپاہیوں کی کوئی کمی نہیں ہے اور معاشرے کے بااثر اس میں تنظیم کاساتھ دے رہے ہیں۔ انہوں نے بعض حلقوں کی طرف سے پھلائی گئی اس غلط عقیدے کی سختی سے تردید کی کہ محرم الحرام کا مہینہ اور خصوصی طور پر پہلا عشرہ غم و خزن کا ہے جس کے دوران شادی بیاہ کا رسم نہیں ہونا چاہئے۔