ارندو لنک روڈ کی تعمیر پر کام تیز، ہیوی مشینری کے ذریعے تعمیراتی سرگرمیاں جاری، اے اے سی دروش کا منصوبے کا معائنہ
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) پاک افغان سرحد سے متصل لوئر چترال کے پسماندہ علاقے ارندو کو مرکزی شاہراہ سے منسلک کرنے والی لنک روڈ کی تعمیر پر کام تیزی سے جاری ہے، جہاں ہیوی مشینری کے ذریعے تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ طویل عرصے سے بنیادی سہولیات کی کمی اور دشوار گزار راستوں کے باعث مشکلات سے دوچار علاقے کے عوام نے سڑک کی تعمیر شروع ہونے پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔
ارندو کا شمار لوئر چترال کے دورافتادہ اور پسماندہ علاقوں میں ہوتا ہے، جہاں صحت اور معیاری تعلیم سمیت بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔ بالخصوص مریضوں کو دروش اور چترال شہر کے ہسپتالوں تک پہنچانے میں سڑک کی ناگفتہ بہ حالت ایک بڑی رکاوٹ رہی ہے۔ ایسے میں لنک روڈ کی تعمیر کو علاقے میں آمدورفت بہتر بنانے اور عوام کو بنیادی سہولیات تک رسائی دینے کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر لوئر چترال احسان اللہ کی ہدایات پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر دروش ظفر اقبال نے ارندو لنک روڈ کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کام کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے تعمیراتی کام کی پیش رفت اور معیار کا جائزہ لیا اور متعلقہ عملے کو کام میں مزید بہتری لانے اور تعمیر کے دوران معیار برقرار رکھنے کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں۔
علاقے کی معروف سماجی و سیاسی شخصیت حاجی سلطان محمد نے ارندو لنک روڈ کی تعمیر پر پاک فوج، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ منصوبے پر جاری کام مقررہ مدت میں مطلوبہ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے گا، تاکہ علاقے کے عوام کو آمدورفت کی مشکلات سے نجات مل سکے اور انہیں صحت و دیگر ضروری سہولیات تک رسائی میں آسانی ہو۔

