16 سے 19 اپریل: بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی
۔
اسلام آباد ( نمائندہ چترال ٹائمز ) محکمہ موسمیات کے مطابق ایک مغربی ہواؤں کا سلسلہ 16 اپریل کو ملک کے شمال مغربی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جو 19 اپریل تک بالائی علاقوں میں برقرار رہے گا۔ اس موسمی نظام کے زیرِ اثر مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا میں 16 اپریل (شام) سے 19 اپریل کے دوران چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، بونیر، کوہستان، ملاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بالاکوٹ، ہری پور، مردان، نوشہرہ، پشاور، باجوڑ، مہمند، صوابی، چارسدہ، کوہاٹ، کرم، خیبر اور ہنگو میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے۔
اسی طرح 17 اور 18 اپریل کو کرم، خیبر، اورکزئی، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
گلگت بلتستان میں 16 سے 19 اپریل کے دوران دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری اور بعض مقامات پر درمیانی سے موسلادھار بارش متوقع ہے۔
کشمیر میں 17 سے 19 اپریل کے دوران وادی نیلم، مظفرآباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے، جبکہ 18 اور 19 اپریل کو بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
بلوچستان میں 17 اور 18 اپریل کے دوران کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، شیرانی، موسیٰ خیل، لورالائی، ہرنائی، ژوب اور بارکھان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پنجاب اور اسلام آباد میں 16 سے 18 اپریل کے دوران مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ جنوبی پنجاب کے علاقوں ڈیرہ غازی خان، راجن پور، لیہ، بھکر، خوشاب، نورپور تھل، ملتان اور خانیوال میں بھی تیز ہوائیں اور آندھی متوقع ہے۔
سندھ میں 16 سے 18 اپریل کے دوران بالائی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ شدید بارشوں کے باعث بعض مقامات پر فلیش فلڈنگ بھی ہو سکتی ہے، خصوصاً دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام اور چترال کے علاقوں میں۔
مزید برآں تیز ہواؤں، ژالہ باری اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور ڈھانچوں جیسے بجلی کے کھمبے، بل بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے، جبکہ کھڑی فصلوں کو بھی نقصان ہو سکتا ہے۔
کاشتکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسمی حالات کے مطابق اپنی فصلوں کی دیکھ بھال کریں، جبکہ سیاحوں اور مسافروں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔
