پشاور ہائی کورٹ کی ہدایت پر اپرچترال عدلیہ میں ڈسٹرکٹ سسٹم ایڈمنسٹریٹرز کی تقرری مکمل
۔
اپرچترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) پشاور ہائی کورٹ نے خیبر پختونخواہ کی ضلعی عدلیہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ایک اہم اقدام اٹھایا ہے۔ عدالت عالیہ کے ویژن کے مطابق ضلعی سطح پر سسٹم ایڈمنسٹریٹرز کی تقرری مکمل کر لی گئی ہے، جس کا مقصد عدالتی ریکارڈ کو آن لائن نظام کے ذریعے عوام کی دسترس میں لانا ہے۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اپر چترال عبدالوہاب قریشی کے مطابق، پشاور ہائی کورٹ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اعجاز علی خان کو ڈسٹرکٹ سسٹم ایڈمنسٹریٹر اور قاسم علی شاہ کو سسٹم ایڈمنسٹریٹر مقرر کر دیا گیا ہے۔ یہ تقرریاں فوری طور پر نافذ العمل ہوں گی۔
ان اقدامات کا بنیادی مقصد CFMIS، آئی ٹی انفراسٹرکچر اور ہائی کورٹ کے ڈیجیٹائزیشن پروگرام کو مؤثر انداز میں نافذ کرنا ہے تاکہ عوام کو نہ صرف عدالتی ریکارڈز تک آسان رسائی حاصل ہو بلکہ کیسز کی حیثیت بھی آن لائن معلوم کی جا سکے۔
یہ فیصلہ اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ عدلیہ اب وقت کے تقاضوں کے مطابق خود کو ڈیجیٹل دور میں داخل کر رہی ہے۔ اس سے نہ صرف عدالتی عمل میں شفافیت بڑھے گی بلکہ عوامی سہولت بھی یقینی بنائی جا سکے گی۔
