چترال میں اے این پی کے زیراہتمام جلسہ، پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار، مہنگائی اور بی آئی ایس پی ادائیگیوں کے مسائل پر تشویش کا اظہار
.
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) ضلع چترال میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے زیرِ اہتمام اتالیق پل کے مقام پر ایک جلسہ منعقد ہوا جس میں پارٹی رہنماؤں اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
جلسے کی صدارت اے این پی چترال کے ضلعی صدر عید الحسین نے کی۔ جلسے سے ضلعی صدر عید الحسین، جنرل سیکرٹری عابد جان اور انفارمیشن سیکرٹری رحمت علی شاہ نے خطاب کیا۔ اس کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ (ن) چترال کے صدر عبدالوالی ایڈوکیٹ، مولانا اسرارالدین، عنایت اللہ اسیر اور قاضی سلامت اللہ سمیت دیگر مقررین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
مقررین نے موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں پاک فوج کی حمایت کا اظہار کیا اور ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے باعث عام شہری کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور حکومت کو اس مسئلے کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔
اس موقع پر مقررین نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق خواتین کو امدادی رقم کی ادائیگی کے دوران پیش آنے والی مشکلات اور بعض مقامات پر خواتین کی تذلیل پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ امدادی رقوم کی تقسیم کے لیے مناسب اور باعزت مقامات کا تعین کیا جائے تاکہ خواتین کو عزت و وقار کے ساتھ امداد فراہم کی جا سکے اور ان کے احترام کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔

