The Voice of Chitral since 2004
Thursday, 16 July 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

آغا خان یونیورسٹی چترال میں منعقدہ علاقائی فورم میں پاکستان، مالدیپ اور سری لنکا کے ماہرین کی شرکت، چائلڈ ٹو چائلڈ ماڈل ابتدائی تعلیم میں بنیادی خواندگی اور حساب دانی بہتر بنانے کا مؤثر ذریعہ قرار

Chitral Times

آغا خان یونیورسٹی چترال میں منعقدہ علاقائی فورم میں پاکستان، مالدیپ اور سری لنکا کے ماہرین کی شرکت، چائلڈ ٹو چائلڈ ماڈل ابتدائی تعلیم میں بنیادی خواندگی اور حساب دانی بہتر بنانے کا مؤثر ذریعہ قرار

آغا خان یونیورسٹی چترال میں منعقدہ علاقائی فورم میں پاکستان، مالدیپ اور سری لنکا کے ماہرین کی شرکت، چائلڈ ٹو چائلڈ ماڈل ابتدائی تعلیم میں بنیادی خواندگی اور حساب دانی بہتر بنانے کا مؤثر ذریعہ قرار

آغا خان یونیورسٹی چترال میں منعقدہ علاقائی فورم میں پاکستان، مالدیپ اور سری لنکا کے ماہرین کی شرکت، چائلڈ ٹو چائلڈ ماڈل ابتدائی تعلیم میں بنیادی خواندگی اور حساب دانی بہتر بنانے کا مؤثر ذریعہ قرار

.چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ابتدائی تعلیمی نظام میں چائلڈ ٹو چائلڈ (C2C) ماڈل پر کی گئی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ طریقہ کار بنیادی خواندگی، حساب دانی اور سماجی و جذباتی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے ایک مؤثر، کم لاگت اور شواہد پر مبنی ماڈل ہے، جو مستقبل میں پاکستان اور جنوبی ایشیا میں جامع اور معیاری تعلیمی نظام کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

یہ نتائج آغا خان یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ، پروفیشنل ڈیولپمنٹ سینٹر (AKU-IED PDC) چترال کے زیر اہتمام منعقدہ ایک علاقائی فورم میں پیش کیے گئے، جس میں پاکستان، مالدیپ اور سری لنکا سے تعلق رکھنے والے تقریباً 200 اساتذہ، محققین، پالیسی سازوں، ترقیاتی شراکت داروں اور Scaling Inclusive Play-Based Child-to-Child Approaches (SIPCA) ریسرچ کنسورشیم کے ارکان نے شرکت کی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی اسپیشل سیکریٹری محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا محمد مسعود نے اپنے خطاب میں دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں اساتذہ کی تربیت اور تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے آغا خان یونیورسٹی اور آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک (AKDN) کی خدمات کو سراہتے ہوئے ابتدائی بچپن کی نشوونما (Early Childhood Development) میں سرمایہ کاری کو تعلیمی اصلاحات کی بنیاد قرار دیا۔

فورم کا آغاز AKU-IED PDC چترال کے سربراہ ڈاکٹر ریاض حسین کے استقبالیہ خطاب سے ہوا، جنہوں نے ادارے کی ترجیحات، پیشہ ورانہ تربیتی پروگراموں اور تعلیم کے فروغ کے لیے جاری اقدامات پر روشنی ڈالی۔ آغا خان فاؤنڈیشن پاکستان کے ڈائریکٹر ایجوکیشن شکور خان نے اعلان کیا کہ فاؤنڈیشن 2027 سے اپنے آئندہ تعلیمی منصوبوں میں C2C ماڈل کو مزید وسعت دینے میں تعاون کرے گی۔

SIPCA پاکستان کی تحقیقی ٹیم، جس کی قیادت ڈاکٹر نسیمہ شکیل، عبدالی ولی خان یفتلی اور روبینہ نواب نے کی، نے تحقیق کے نتائج پیش کرتے ہوئے بتایا کہ کھیل پر مبنی Play-Based Child-to-Child (PBC2C) ماڈل بچوں کی اسکول کے لیے تیاری اور ابتدائی جماعتوں میں تعلیمی کارکردگی کو نمایاں طور پر بہتر بناتا ہے۔

تحقیق کے مطابق اس ماڈل سے مستفید ہونے والے بچوں میں:

انگریزی خواندگی میں 112 فیصد اضافہ،
حساب دانی (ریاضی) میں 35.6 فیصد اضافہ،
اردو خواندگی میں 25.3 فیصد اضافہ،
جبکہ سماجی و جذباتی سیکھنے کی صلاحیت میں 3.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

محققین نے بتایا کہ کراچی جیسے شہری علاقوں اور چترال جیسے دور افتادہ دیہی علاقوں دونوں میں اس ماڈل نے یکساں مثبت نتائج دیے۔ اس کے علاوہ بچوں کے اعتماد، کلاس روم میں شرکت، ابلاغ، تعاون اور قیادت کی صلاحیتوں میں بھی نمایاں بہتری دیکھی گئی، جبکہ بڑے طلبہ نے “ینگ فیسیلیٹیٹرز” کے طور پر اہم کردار ادا کیا۔

فورم میں اسلامک یونیورسٹی آف مالدیپ کی ڈاکٹر مریم شریفہ، ڈاکٹر وصال موسیٰ اور یونیورسٹی آف کولمبو، سری لنکا کی اندیگاہاولا تیرومی سمیت بین الاقوامی ماہرین نے بھی شرکت کی اور جنوبی ایشیا میں جامع تعلیم کے فروغ پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

بعد ازاں منعقدہ پینل ڈسکشن میں شرکاء نے اس ماڈل کو خطے بھر میں وسعت دینے کے امکانات، درپیش چیلنجز اور پالیسی سازی، اساتذہ کی مسلسل پیشہ ورانہ تربیت اور علاقائی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

آغا خان یونیورسٹی کے پروفیسر اور ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ پبلیکیشنز ڈاکٹر ساجد علی نے کہا کہ یہ ماڈل خاص طور پر ملٹی گریڈ کلاس رومز کے لیے نہایت موزوں ہے، جہاں ایک ہی استاد مختلف جماعتوں کے بچوں کو تعلیم دیتا ہے، اور یہ چترال سمیت پاکستان کے کم وسائل والے علاقوں میں تعلیمی معیار بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

فورم کے اختتام پر محققین، پالیسی سازوں، ترقیاتی شراکت داروں اور ماہرین تعلیم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تحقیق کے نتائج کو عملی پالیسیوں اور تعلیمی اصلاحات میں تبدیل کرنے کے لیے باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

chitraltimes akueb workshop chitral 2 chitraltimes akueb workshop chitral 4
chitraltimes akueb workshop chitral 3