آغا خان اسکول لون کا AKU-EB کراچی سے الحاق، سکول میں خصوصی تقریب کا انعقاد
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) آغا خان اسکول لون اپرچترال کو آغا خان یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ (AKU-EB) کے ساتھ باضابطہ طور پر منسلک کر دیا گیا۔ اس اہم پیش رفت کے سلسلے میں گزشتہ دن اسکول میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں تعلیمی و سماجی شخصیات، اساتذہ، والدین اور کمیونٹی نمائندگان نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی آغا خان ہائیر سیکنڈری اسکول چترال کے سینئر پرنسپل و سینئر منیجر طفیل نواز تھے، جو اپنی ٹیم کے ہمراہ شریک ہوئے۔ اس موقع پر ریجنل اسکول ڈیویلپمنٹ یونٹ کے سربراہ علی دانا خان، اسکول کا تدریسی و انتظامی عملہ، والدین اور اسکول سپورٹ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔
مقررین نے اپنے خطاب میں اے کے یو ای بی کے جدید تعلیمی نظام کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ بورڈ طلبہ میں فہم، تنقیدی سوچ اور مسئلہ حل کرنے کی صلاحیتوں کو فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ معیاری تعلیم کے لیے اسکول اور والدین کے درمیان مضبوط اشتراک ناگزیر ہے۔
مقررین کے مطابق اس الحاق سے نہ صرف طلبہ بلکہ پورا علاقہ مستفید ہوگا، جبکہ جدید اور تصوراتی بنیادوں پر مبنی نظامِ جانچ طلبہ کو قومی و بین الاقوامی سطح پر مسابقت کے قابل بنائے گا۔ اس پیش رفت سے تدریسی طریقوں، امتحانی نظام اور مجموعی تعلیمی معیار میں بہتری آئے گی اور طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
تقریب کے اختتام پر اسکول انتظامیہ، اساتذہ، والدین اور کمیونٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اس نئے تعلیمی سفر کو کامیاب بنانے کے لیے مشترکہ طور پر کردار ادا کریں گے۔


