آغا خان ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک کے ذیلی ادارے سیلاب سے متاثرہ چترال اور گلگت بلتستان میں امدادی کاروائیوں اوربحالی کے کاموں میں مصروف
اسلام آباد ( نمائندہ چترال ٹائمز ) پاکستان، خصوصاً گلگت بلتستان، چترال اور دیگر پہاڑی خطوں میں حالیہ طوفانی بارشوں اور اچانک آنے والے سیلاب کی وجہ سے شدید تباہی ہوئی ہے۔ ان حالات میں آغا خان ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک (AKDN) کی ایجنسیاں متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں، جہاں وہ ضروریات کا جائزہ لے کر متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کر رہی ہیں اور مقامی حکام کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے امداد و بحالی کے اقدامات کو مؤثر انداز میں ہم آہنگ کر رہی ہیں۔

آغا خان ایجنسی فار ہیبی ٹیٹ (AKAH) جو قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے AKDN کی مرکزی ایجنسی ہے، گزشتہ دو دہائیوں سے کمیونٹی کی بنیاد پر آفات کے انتظام اور ردعمل میں پیش پیش ہے۔ AKAHنے 36 ہزار سے زائد رضاکاروں کو ابتدائی امداد فراہم کرنے کی تربیت دی ہے، جن میں سے نصف خواتین پر مشتمل ہے۔ یہ رضاکار 170 سے زیادہ کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں (CERTs) میں منظم ہیں۔
سیلاب کے آغاز پر، AKAH نے تیزی سے چترال، گلگت، کراچی اور اسلام آباد میں ایمرجنسی آپریشن مراکز کو متحرک کیا۔ ٹیمیں مسلسل حالات کا جائزہ لے رہی ہیں، موسمیاتی وارننگز جاری کر رہی ہیں اور علاقہ مکینوں کو باخبر رکھ رہی ہیں۔ کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں نے 3 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے اور کھانیکی اشیاء، خیمے اور دیگر ضروری سامان فراہم کیا ہے، ساتھ ہی اسکولوں، کمیونٹی عمارتوں اور میزبان خاندانوں کے ساتھ محفوظ پناہ گاہوں کا انتظام کیا ہے۔ اب تک 109 خاندانوں (تقریباً 800 افراد) کو ایک ماہ کا غذائی اور غیر غذائی سامان فراہم کیا جا چکا ہے۔ گلگت بلتستان،چترال اور خیبر پختونخوا میں 19 اسٹاک پائلز سے ہنگامی امداد فراہم کی گئی ہے۔ مزید یہ کہ 9 ڈیزاسٹر اسیسمنٹ ریسپانس ٹیمیں (DART) شمالی پاکستان کے مختلف علاقوں میں تعینات کی گئی ہیں تاکہ وہ صورت حال کا فوری جائزہ لے سکیں۔ AKAH،گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، چترال کی ضلعی اتھارٹی اور خیبر پختونخوا کی صوبائی اتھارٹی کے ساتھ قریبی رابطے میں کام کر رہا ہے۔

کمیونٹی رضاکار نہایت مشکل حالات میں پینے کے پانی کی سپلائی لائنز، آبپاشی کے چینلز، سڑکوں اور زرعی زمینوں کی مرمت کر رہے ہیں۔ ولیج ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں (VERT) دیامر میں صفِ اول پر ہیں، مقامی باشندوں اور پھنسے ہوئے سیاحوں کو بچا رہی ہیں، امدادی سامان پہنچا رہی ہیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر رہی ہیں۔ متاثرہ خاندانوں کو خیمے اور حفظان صحت کے کٹس فراہم کرنے کے ساتھ، AKRSP نے غذر میں ہنگامی طور پر سڑکوں اور آبپاشی کے نظام کی مرمت میں مدد کی ہے، اور بلتستان میں پینے اور آبپاشی کے پانی کی بحالی کے لیے پائپ بھی فراہم کیے ہیں۔ یہ ٹیمیں سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر نقصان کا جائزہ لے رہی ہیں اور بحالی کے منصوبوں پر توجہ مرکوز کر رہی ہیں تاکہ کمیونٹیز جلد سنبھل سکیں۔
آغا خان ہیلتھ سروس، پاکستان (AKHS,P) کی ٹیمیں گلگت بلتستان اور چترال میں دن رات خدمات انجام دے رہی ہیں تاکہ متاثرہ آبادی کو صحت کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ پنیال، اشکومن میں تین روزہ میڈیکل کیمپ میں 380 سے زائد مریضوں کا علاج کیا گیا اور حفظان صحت و صاف پانی سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔ فیلڈ ٹیمیں ہمہ وقت تیار ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ادویات، عملہ اور سہولیات بروئے کار لائی جا سکیں، جبکہ ہیلتھ ورکرز گھروں کا دورہ کر کے محفوظ زچگیوں کو یقینی بنا رہے ہیں۔

اس سے قبل، وزیرِاعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کی درخواست پر آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک (AKDN) نے متاثرہ کمیونٹیز کی مدد کا اعلان کیا۔ یہ معاونت ابتدائی بحالی، بحالی کے کام، سیلاب سے متاثرہ سرکاری صحت مراکز میں شمسی توانائی کے نظام کی تنصیب اور مرمت، پینے کے پانی کی فراہمی کے منصوبوں اور حفاظتی ڈھانچے کی بحالی پر مشتمل ہے۔
مزید برآں، طبی آلات و سامان کی فراہمی، 16,500 موبائل ہیلتھ کیئر یونٹس کا قیام، اور 3 ہزار خواتین و بچوں میں غذائی کمی کی شناخت اور علاج بھی شامل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، زرعی زمینوں کی بحالی کے 490 منصوبے، 435 معاشی طور پر غیر مستحکم کسانوں کو مویشیوں کی دیکھ بھال سے متعلق اشیاء کی فراہمی کے علاوہ خواتین و مردوں کے لیے 98 مائیکرو گرانٹس بھی دی جائیں گی تاکہ متاثرہ کمیونٹیز کو سہارا دیا جا سکے۔
آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک (AKDN) اور اس کی ایجنسیاں پاکستان میں طویل عرصے سے موجود ہیں اور کمیونٹیز، حکومت اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر پسماندہ ترین آبادیوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ یہ نیٹ ورک نہ صرف فوری انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد فراہم کرتا ہے بلکہ بنیادی ڈھانچے، روزگار کی بحالی اور مستقبل کی آفات کے خلاف طویل مدتی مزاحمت (resilience) پیدا کرنے پر بھی کام کرتا ہے۔


