عائشہ سجاد کا اعزاز، مردان بورڈ میں 1200 میں سے 1091 نمبر لیکر پہلی پوزیشن حاصل کی
.
مردان (نمائندہ چترال ٹائمز) گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول اکبر پورہ کی طالبہ عائشہ سجاد نے میٹرک کے حالیہ نتائج میں 1200 میں سے 1091 نمبر حاصل کرکے مردان بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
عائشہ سجاد نے اپنی شاندار کامیابی پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیابی ان کے لیے فخر کا باعث ہونے کے ساتھ ساتھ ان کے والدین اور اساتذۂ کرام کے لیے بھی انتہائی خوشی کا موقع ہے۔ انہوں نے اپنی کامیابی کو اللہ تعالیٰ کا فضل، والدین کی دعاؤں، اساتذہ کی رہنمائی اور اپنی محنت کا نتیجہ قرار دیا۔
عائشہ سجاد کے مطابق ان کی کامیابی میں اساتذۂ کرام کا اہم کردار ہے۔ وہ ہمیشہ اپنے اساتذہ کو اپنا رول ماڈل سمجھتی رہی ہیں اور ان کی محنت، لگن اور تدریس کا انداز ان کے لیے باعثِ تحریک رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے پڑھائی کے لیے گھنٹوں کا حساب رکھنے کے بجائے کلاس میں دی جانے والی تعلیم پر مکمل توجہ مرکوز رکھی۔ ان کی کوشش رہی کہ کلاس میں جو کچھ پڑھایا جائے اسے توجہ سے سنیں، سمجھیں اور اسی دن دیا گیا کام مکمل کریں۔
عائشہ سجاد کا کہنا تھا کہ کامیابی صرف زیادہ گھنٹے پڑھنے کا نام نہیں بلکہ توجہ، سمجھ، پابندی اور مستقل مزاجی بھی کامیابی کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ انہوں نے طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ کلاس میں پوری توجہ سے اساتذہ کی بات سنیں، ہر سبق کو سمجھ کر پڑھیں اور روزانہ کا کام اسی دن مکمل کرنے کی عادت اپنائیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر طلبہ محنت، لگن اور مستقل مزاجی کے ساتھ اپنے مقصد کی طرف بڑھیں تو کوئی بھی منزل ناممکن نہیں۔ ان کے بقول ان کی کامیابی صرف ایک اعزاز نہیں بلکہ اس بات کا ثبوت ہے کہ محنت اور درست رہنمائی کے ذریعے خوابوں کو حقیقت میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔
عائشہ سجاد نے چترال ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی کامیابی کو اللہ تعالیٰ کی مہربانی قرارد یتے ہوئے اپنے والدین، اساتذۂ کرام اور ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی رہنمائی، حوصلہ افزائی اور معاونت کی۔
