افسانہ: کیک سے لفافے تک – تحریر: کلثوم رضا
وارننگ: کمزور دل والے ذرا احتیاط سے، کیوں کہ یہ ایک سچی کہانی سے متاثر ہو کر لکھی گئی ہے۔۔۔
وہ اپنی شادی کی ویڈیوز میں بہت خوش نظر آ رہی تھی۔ بات بات پر مسکرا رہی تھی۔
سرخ جوڑا، ہاتھوں میں مہندی، سہیلیوں کا جھرمٹ، رشتے داروں کا ہجوم اور ساتھ کھڑا وہ شخص جو اس سے بار بار کہہ رہا تھا،
“بہت خوبصورت لگ رہی ہو، میری خوش قسمتی کہ تم میری زندگی میں آئی ہو، میں تمہیں ہمیشہ خوش رکھوں گا۔”
سائرہ نے اس کی باتوں پر یقین کر لیا تھا جیسے سب لڑکیاں کرتی ہیں۔
پھر زندگی چلنے لگی، دن بدلتے گئے، سائرہ خود نرس تھی، ریحان بھی کسی کمپنی میں ملازمت کرتا تھا۔ ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی، سائرہ رات کی ڈیوٹی سے تھک کر آتی تو بیٹی کو گود میں لے کر اس کا ماتھا چومتی۔ اسے لگتا تھا، بس یہی زندگی ہے۔
چھوٹی چھوٹی خوشیوں پر کبھی کیک کاٹنے کی ویڈیو بنتی، کبھی پکنک کی، کبھی لمبے سفر کی۔ دیکھنے والوں کو لگتا، کتنی خوش قسمت جوڑی ہے۔
کسی کو نہیں پتا تھا کہ ان ویڈیوز کے پیچھے کیا چل رہا ہے۔
ویڈیوز کے پیچھے ان کی زندگی میں بھونچال آ چکا تھا۔ ریحان کا رویہ بدلنے لگا تھا۔ پہلے بات بات پر ٹوکنا، پھر چیخنا، پھر گالیاں، پھر تھپڑ۔
سائرہ نے پہلی بار جب تھپڑ کھایا تو اس نے کسی کو نہیں بتایا۔ اسے لگا، مرد غصے میں ایسا کر ہی دیتے ہیں۔ دوسری بار اس نے سہیلی کو بتایا تو اس نے کہا،
“اپنا گھر بچاؤ، صبر کرو، ٹھیک ہو جائے گا۔”
سائرہ نے صبر کیا۔ پھر گھر میں سائرہ پر چیخنا، چلانا اور مار پیٹ معمول بن گئی تو سائرہ نے اس کا ذکر اپنی ماں سے کیا۔ ماں نے کہا،
“بیٹی گھر کی باتیں گھر ہی میں رہنی چاہئیں۔ صبر سے کام لو سب ٹھیک ہو جائے گا۔”
لیکن نہیں۔ سائرہ ڈیوٹی سے تھکی ہاری آتی تو گالیاں اور طعنے اس کے منتظر رہتے۔ اپنے دفاع میں سائرہ کچھ بول دیتی تو تھپڑوں اور گھونسوں کی برسات ہو جاتی۔
تنگ آ کر ایک دن سائرہ نے سوچا، کیوں نہ گھر ہی چھوڑ دوں؟ پھر بیٹی کو دیکھا، ایک سال کی بھی نہیں ہوئی تھی۔ وہ کہاں جاتی؟
پھر وہ دن بھی آیا جب سائرہ اچانک غائب ہو گئی۔
ریحان نے سب کو بتایا،
“سائرہ گھر چھوڑ کر چلی گئی ہے۔”
ماں نے فون کیا، بند۔ دوستوں نے ڈھونڈا، نہیں ملی۔ پولیس نے پوچھا، ریحان نے وہی ایک جملہ دہرایا،
“گھر چھوڑ کر چلی گئی ہے۔ اب مجھے کیا پتہ وہ کہاں گئی ہے”
دن ہفتوں میں بدلے، ہفتے مہینوں میں۔ سائرہ کی ماں ہر رات اس کی بیٹی کو دیکھ کر روتی۔ وہ بچی جسے ابھی بولنا بھی نہیں آیا تھا، وہ اپنی ماں کو ڈھونڈتی، دروازے کی طرف دیکھتی۔
دو سال بعد سچ سامنے آیا۔
سچ اتنا بھاری تھا کہ سننے والوں کو اپنے کانوں پر یقین نہیں ہو رہا تھا۔
وہ شخص جو کہا کرتا تھا،
“تم میری زندگی ہو”،
وہی اس کی زندگی لینے والا نکلا۔
عدالت میں جب سب کچھ کھلا تو سائرہ کی ماں نے کہا،
“ہائے رے میری کم بختی، اپنی بیٹی کی بات پر ذرا دھیان دیتی تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔ ہائے افسوس ہمیں اس کی لاش بھی نہیں ملی کہ ہم اسے دفنا تو سکتے۔ ہمیں اس کا آخری دیدار بھی نصیب نہیں ہوا۔”
سائرہ کی بیٹی اب بڑی ہو رہی ہے۔ ایک دن وہ پوچھے گی،
“میری امی کہاں ہے؟”
اسے کون بتائے گا کہ اس کی امی کو اسی نے مارا جسے وہ ابا کہتی ہے؟
فرق صرف اتنا ہے کہ سائرہ کی ویڈیوز رہ گئیں۔ کیک کاٹنے والی، ہنسنے والی، بیٹی کو گود میں اٹھانے والی۔
آخر میں ایک ویڈیو اس سے رہ جاتی ہے، جس میں ایک شخص شاپنگ بیگ اٹھائے کوڑے دان کی طرف جا رہا ہوتا ہے۔ جس میں اس کے اپنے ٹکڑے ہوتے ہیں۔
[ پیغام ]
یہ کہانی صرف سائرہ کی نہیں ہے۔ یہ فوزیہ کی بھی ہے، جسے پہاڑ سے دھکا دیا گیا۔ سارہ کی بھی ہے، نور کی بھی ہے، ربیعہ کی بھی ہے۔ اور ان بے شمار لڑکیوں کی بھی ہے جن کے نام ہم تک پہنچتے ہی نہیں۔
کوئی بھی عورت اپنی چھوٹی چھوٹی خوشیوں پر کیک کاٹنے سے لفافے یا بوری میں پیک ہونے تک کیسے پہنچ جاتی ہے؟
اس کا جواب صرف ایک ہی ہے۔ کہ ہم بیٹیوں کو تو سکھاتے ہیں، صبر کرو، برداشت کرو، اپنا گھر بچاؤ، وہ مرد ہے، مرد ایسے ہی کرتے ہیں، ایک نہ ایک دن وہ خود تمہارے صبر کے سامنے ہار جائے گا، مگر وہ دن بہت سی بیٹیوں کی زندگی میں کبھی نہیں آتا۔
اور بیٹوں کو یہ نہیں سکھاتے کہ اگر تمہاری بیوی سے تمہاری ذہنی ہم آہنگی نہیں ہے، تم اس کے ساتھ خوش نہیں ہو، یا تم دوسری شادی کرنا چاہتے ہو، تمہاری بیوی بدتمیز ہے، بدلحاظ ہے حتیٰ کہ بدکردار بھی ہے تب بھی اسے مارنے یا قتل کرنے کی اجازت تمہیں نہیں ہے۔
ہمیں بیٹیوں کو گھر بسانے، شوہر کی قدر و عزت کرنے اور اپنی قدر بحال رکھنے کی نصیحت کے ساتھ اپنے بیٹوں کو بھی یہ سکھانا ہوگا کہ بیوی سے نبھ نہ سکے، تو چھوڑ دو۔ وہ تمہاری ملکیت نہیں ہے، اسے زندہ لاش بنا کر اپنی قید میں مت رکھو، اسے آزاد کر دو، اسے زندہ اس کے والدین کے حوالے کر دو۔
کیس سامنے آنے پر عدالت انہیں سزا دے بھی دے، تو بھی ان پسماندگان کا زخم کبھی نہیں بھرے گا جن کی سگی کبھی واپس نہیں آتی۔