آفاق چترال کے زیر اہتمام ‘ٹیچر آف دی ایئر ایوارڈ 2026’ کی پروقار تقریب کا انعقاد
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ایسوسی ایشن فار اکیڈمک کوالٹی (آفاق) چترال کے زیر اہتمام کامرس کالج کے ہال میں ‘ٹیچر آف دی ایئر ایوارڈ 2026’ کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں لوئر اور اپر چترال کے مختلف نجی تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے اساتذہ کی گراں قدر خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں ایوارڈز سے نوازا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) لوئر چترال عبدالاسلام تھے، جبکہ صدارت کے فرائض آفاق کے زونل مینیجر ماجد علی نے انجام دیے۔
چترال کی تعلیمی تاریخ کی اس منفرد تقریب میں لوئر اور اپر چترال کے نجی اسکولوں کے اساتذہ کو ان کی سال بھر کی بہترین کارکردگی پر ‘ٹیچر آف دی ایئر ایوارڈ’ دیے گئے۔ اس موقع پر اساتذہ میں انعامات اور ایوارڈز تقسیم کرنے والی نمایاں شخصیات میں اے ڈی سی (جنرل) عبدالاسلام، ریجنل منیجر آفاق ملاکنڈ ماجد علی، شعیب خان زونل منیجر، اور ڈپٹی زونل مینیجر ذوالفقار علی خان، پرنسپل کامرس کالج پروفیسر عبدالفتاح، پرنسپل ڈگری کالج پروفیسر فضلِ حق، پروفیسر حسام الدین، اور پروفیسر نظام الدین، ضیاء الدین، وجیہہ الدین، گل نواز، شجاع الحق، ہدایت اللہ، فخرِ عالم، اور ظاہر الدین سمیت دیگر عمائدین شامل تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے ملک میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے ‘آفاق’ کے کلیدی کردار کو زبردست الفاظ میں سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آفاق کا ایک انتہائی مربوط اور جدید نظام موجود ہے، جو نہ صرف دورِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق بہترین نصابی کتب تیار کر رہا ہے بلکہ اسکولوں کے اندر اور باہر اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت (ٹیچر ٹریننگ) کے لیے بھی مسلسل کوشاں ہے۔
مقررین نے معاشرے میں اساتذہ کی اہمیت اور مرتبے پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اساتذہ نئی نسل کے معمار اور قوم کے مستقبل کی تشکیل کرنے والے ہوتے ہیں۔ انہوں نے آفاق کی اس کاوش کی تعریف کی کہ اساتذہ کی حوصلہ افزائی اور ان کا مورال بلند کرنے کے لیے ایسی تقاریب کا انعقاد ناگزیر ہے، جس کے دور رس نتائج چترال اور ملک بھر میں تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی صورت میں سامنے آئیں گے۔ تقریب کے اختتام پر ایوارڈ پانے والے اساتذہ نے آفاق چترال کا شکریہ ادا کیا اور تعلیم کے میدان میں مزید محنت کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

