خیبرپختونخوا میں تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے 7 کنزرویشن لیبارٹریز قائم کرنے کا فیصلہ، پشاور، ہری پور، سوات اور چترال میں ہیریٹیج فیلڈ اسکولز بھی قائم کیے جائیں گے۔ ڈاکٹر سید سرفراز علی شاہ
۔
پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز) خیبرپختونخوا میں تاریخی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ، بحالی اور فروغ کے لیے اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن کے تحت ایبٹ آباد میں زرڈھیری عجائب گھر افتتاح کے لیے تیار ہے، جبکہ صوبے کے مختلف علاقوں میں تاریخی نوادرات اور آثارِ قدیمہ کے تحفظ کے لیے سات کنزرویشن لیبارٹریز قائم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ پشاور، ہری پور، سوات اور چترال میں اٹلی کے تعاون سے ہیریٹیج فیلڈ اسکولز بھی قائم کیے جائیں گے۔
اس حوالے سے گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت، عجائب گھر و آثارِ قدیمہ، کھیل اور امورِ نوجوانان ڈاکٹر سید سرفراز علی شاہ کی زیرِ صدارت محکمہ آثارِ قدیمہ و عجائب گھر سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈائریکٹر جنرل آثارِ قدیمہ و عجائب گھر عبدالصمد سمیت محکمے کے دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں مشیر کو صوبے میں محکمہ آثارِ قدیمہ و عجائب گھر کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں، مستقبل کے مجوزہ اقدامات اور عالمی بینک سمیت اٹلی کے تعاون سے جاری مختلف منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر صوبے کے تاریخی، ثقافتی اور آثارِ قدیمہ کے ورثے کے تحفظ، بحالی اور جدید خطوط پر ان کی تشہیر کے لیے جاری سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع ایبٹ آباد میں زرڈھیری عجائب گھر افتتاح کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، جو اپنے منفرد ڈیزائن اور تاریخی و ثقافتی اہمیت کے باعث ایک اہم منصوبہ ہے۔ اس کے علاوہ مشیر کو پشاور والڈ سٹی کی بہتری، تحفظ اور احیائے نو کے منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں سات کنزرویشن لیبارٹریز قائم کی جائیں گی، جن کا بنیادی مقصد تاریخی نوادرات، آثارِ قدیمہ سے حاصل ہونے والی اشیاء اور دیگر ثقافتی اثاثوں کو سائنسی بنیادوں پر محفوظ بنانا، ان کی بحالی اور تحقیق کے عمل کو فروغ دینا ہے۔ ان لیبارٹریز کے قیام سے تاریخی ورثے کی حفاظت کے لیے جدید تکنیکی سہولیات بھی دستیاب ہوں گی۔
اسی طرح اٹلی کے تعاون سے پشاور، ہری پور، سوات اور چترال میں ہیریٹیج فیلڈ اسکولز کے قیام کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ان منصوبوں کا مقصد تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے تربیت، تحقیق اور عملی مہارتوں کو فروغ دینا ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر سید سرفراز علی شاہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا تاریخی، تہذیبی اور ثقافتی ورثے کے حوالے سے غیر معمولی اہمیت کا حامل صوبہ ہے، جہاں قدیم تہذیبوں، تاریخی مقامات اور نادر آثار کی صورت میں ایک قیمتی اثاثہ موجود ہے۔ اس ورثے کا تحفظ نہ صرف ہماری قومی اور تاریخی ذمہ داری ہے بلکہ اسے سیاحت کے فروغ اور صوبے کی مثبت شناخت اجاگر کرنے کے لیے بھی مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے پشاور والڈ سٹی منصوبے میں مقامی آبادی کی شمولیت اور کمیونٹی انگیجمنٹ کو خصوصی اہمیت دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تاریخی ورثے کے تحفظ کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کے مفادات کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے۔
مشیر نے کہا کہ جدید عجائب گھروں کا قیام، تاریخی مقامات کی بحالی، کنزرویشن لیبارٹریز اور عالمی اداروں کے تعاون سے تربیتی منصوبوں کا آغاز خوش آئند اقدامات ہیں۔ ان منصوبوں سے نہ صرف تاریخی ورثے کو محفوظ بنانے میں مدد ملے گی بلکہ تحقیق، تعلیم، روزگار اور ثقافتی سیاحت کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ تمام جاری اور مجوزہ منصوبوں پر پیش رفت مزید تیز کی جائے اور ان کی تکمیل میں معیار، شفافیت اور جدید تقاضوں کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، تاکہ خیبرپختونخوا کے تاریخی اور ثقافتی اثاثوں کو محفوظ بنا کر آنے والی نسلوں تک منتقل کیا جا سکے۔