محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کا 397.9 ارب روپے کا بجٹ، ترقیاتی فنڈز کے کم استعمال پر مشیر تعلیم کا اظہارِ تشویش؛ عوامی ترجیحات کے مطابق اخراجات یقینی بنانے کی ہدایت
پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبرپختونخوا میں محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے 397.9 ارب روپے کے سالانہ بجٹ کے استعمال، ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد اور تعلیمی اصلاحات کی رفتار کا جائزہ لیتے ہوئے مشیر تعلیم و سماجی بہبود ڈاکٹر عامر عبداللہ نے ترقیاتی فنڈز کے مقابلے میں کم اخراجات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعلیم کے شعبے میں ترقیاتی بجٹ کا استعمال 100 روزہ اور 180 روزہ پلان کے تحت عوام سے کیے گئے وعدوں اور ان کی ضروریات و ترجیحات کے مطابق یقینی بنایا جائے، جبکہ سکولوں سے باہر بچوں کو تعلیمی اداروں میں واپس لانے، طالبات کے وظائف اور اساتذہ کی مراعات سمیت اہم منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔
اس حوالے سے گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے تعلیم و سماجی بہبود ڈاکٹر عامر عبداللہ کی زیر صدارت منگل کے روز محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے بجٹ اور مالیاتی امور کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں مالی سال 2026-27 کے لیے مختص جاریہ اخراجات اور ترقیاتی بجٹ، مختلف مدات میں فنڈز کے اجرا، اخراجات کی صورتحال اور مالیاتی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم محمود اسلم وزیر، سپیشل سیکرٹری قیصر عالم، ڈائریکٹر ابتدائی و ثانوی تعلیم جعفر منصور عباسی اور محکمے کے دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران مشیر تعلیم کو محکمہ کے مجموعی بجٹ، مختلف شعبوں کے لیے مختص فنڈز، اب تک جاری ہونے والی رقوم اور ان کے استعمال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ مالی سال 2026-27 کے لیے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کا مجموعی بجٹ 397 ارب 90 کروڑ روپے ہے، جس میں تنخواہوں کی مد میں 318 ارب 72 کروڑ 27 لاکھ روپے، غیر تنخواہی اخراجات کے لیے 57 ارب 27 کروڑ 25 لاکھ روپے، جبکہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے 21 ارب 94 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ مشیر تعلیم کو بجٹ کی مختلف مدات میں رقوم کی تخصیص، فنڈز کے اجرا اور اخراجات سے متعلق تفصیلی اعداد و شمار بھی پیش کیے گئے۔
ڈاکٹر عامر عبداللہ نے ہدایت کی کہ محکمہ اپنے مالیاتی معاملات اور بجٹ سے متعلق امور بروقت حل کرنے کے لیے محکمہ خزانہ کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری اور مسلسل پیروی یقینی بنائے۔ انہوں نے ڈائریکٹوریٹ کی سطح پر بھی مالیاتی امور اور انتظامی اہداف کے حصول کے لیے مؤثر طریقہ کار وضع کرنے پر زور دیا، تاکہ محکمانہ معاملات میں غیر ضروری تاخیر سے بچا جا سکے۔
مشیر تعلیم نے ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی کی تنظیمِ نو اور بعض ضروری آسامیوں کی ترقی کے حوالے سے پہلے سے جاری ہدایات پر عمل درآمد کی پیش رفت سے متعلق تفصیلات بھی طلب کیں۔ انہوں نے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے تحت بچوں کو فراہم کیے جانے والے وظائف کی تمام معلومات ایک ہی آن لائن پورٹل پر دستیاب بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کے لیے محکمہ اعلیٰ تعلیم کے تیار کردہ پورٹل سے استفادہ کیا جائے، تاکہ طلبہ، والدین اور عوام کو تعلیمی وظائف سے متعلق ضروری معلومات ایک ہی جگہ پر میسر ہوں۔
ڈاکٹر عامر عبداللہ نے تعلیم کارڈ کے منصوبے کا اجتماعی بصیرت اور مشاورت کی بنیاد پر ازسرنو جائزہ لینے کی ہدایت کی اور سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم کو اس حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد کرنے کا کہا۔ انہوں نے سکولوں سے باہر بچوں کو دوبارہ تعلیمی اداروں میں لانے کے لیے آئندہ داخلہ مہم کو خصوصی اہمیت دینے اور اس سلسلے میں مؤثر حکمت عملی اختیار کرنے پر بھی زور دیا۔
انہوں نے طالبات کے لیے وظائف کے موجودہ منصوبے کا ازسرنو جائزہ لینے اور اس میں بہتری کے لیے ایک ہفتے کے اندر جامع تصوراتی خاکہ پیش کرنے کی ہدایت کی، تاکہ مستحق طالبات کو وظائف کی فراہمی مزید مؤثر اور بہتر انداز میں یقینی بنائی جا سکے۔
مشیر تعلیم نے ستوری د پختونخوا پروگرام کے تحت نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو انعامات کی فراہمی کے حوالے سے ہدایت کی کہ میٹرک تک کے طلبہ کے کیسز براہ راست سکولوں سے حاصل کرکے انعامات کی ادائیگی یقینی بنائی جائے، جبکہ دیگر جماعتوں کے طلبہ کے لیے متعلقہ تعلیمی بورڈز کی فراہم کردہ فہرستوں کے مطابق کارروائی کی جائے۔
انہوں نے سیکنڈ شفٹ کے اساتذہ کو تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کے لیے محکمہ خزانہ کے ساتھ مشاورت کرکے فنڈز کے اجرا کا قابلِ عمل طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ہی مرتبہ فنڈز جاری کرنے کے بجائے ماہانہ ضروریات کے مطابق رقوم کی فراہمی کا نظام بنایا جائے، تاکہ اساتذہ کو تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈاکٹر عامر عبداللہ نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ کو مراعات دینے کے منصوبے کا بھی جائزہ لینے اور اس کے موجودہ طریقہ کار کو مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کے لیے جاری کردہ فنڈز کے مقابلے میں کم اخراجات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے ترقیاتی بجٹ کے مؤثر استعمال اور منصوبوں پر عمل درآمد کی رفتار تیز کرنے پر زور دیا۔
مشیر تعلیم نے واضح کیا کہ 100 روزہ اور 180 روزہ پلان کے تحت عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل محکمہ تعلیم کی اولین ترجیح ہونی چاہیے اور بجٹ کے استعمال میں انہی عوامی ضروریات اور ترجیحات کو بنیادی اہمیت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان ترجیحات کے بعد دیگر اہم منصوبوں کو بھی ان کی ضرورت اور افادیت کے مطابق ترجیح دی جائے گی۔
اجلاس کے اختتام پر ڈاکٹر عامر عبداللہ نے عالمی بینک کے تعاون سے ضلع ہری پور میں سکولوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے منصوبے کے حوالے سے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عالمی بینک کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری یقینی بنائی جائے، تاکہ منصوبے پر پیش رفت کو تیز کیا جا سکے۔