آدمؑ کی کہانی، ہر ضمیر کا آئینہ – از قلم: نجیم شاہ
.
انسان بھی عجیب مخلوق ہے۔ جس چیز سے روکا جائے، اُسی کے پیچھے بھاگتا ہے اور جب منہ کے بل گرتا ہے تو اپنی غلطی کے بجائے زمین کو قصوروار ٹھہراتا ہے۔ حضرت آدمؑ کی کہانی محض ایک ممنوعہ درخت کے قریب جانے کا واقعہ نہیں، بلکہ انسانی نفسیات کا پہلا آئینہ ہے۔ فرق صرف اِتنا ہے کہ اُس زمانے میں ایک درخت تھا، آج ہر گلی، ہر دفتر، ہر ایوان اور ہر ضمیر میں ایک ممنوعہ درخت کھڑا ہے۔
آدمؑ کو ایک باغ ملا تھا، آسائش تھی، سکون تھا، مگر ایک حد بھی مقرر تھی۔ اِنسان کی بدقسمتی دیکھئے کہ اُسے ہزار نعمتیں مِل جائیں تو بھی نظر اُس چیز پر رہتی ہے جس سے منع کیا گیا ہو۔ شاید اِنسان کی سب سے بڑی کمزوری یہی ہے کہ اُسے دستیاب نعمتیں معمولی اور ممنوعہ چیزیں غیر معمولی دکھائی دیتی ہیں۔ آج بھی یہی تماشا جاری ہے۔ اُصول کتابوں میں محفوظ ہیں اور مفادات عملی زندگی میں حکمران ہیں۔
آدمؑ سے لغزش ہوئی، مگر اُنکی کہانی کا اصل سبق لغزش نہیں، بلکہ اُسکے بعد کا اعتراف ہے۔ اِنسان سے غلطی ہو جانا کوئی نئی بات نہیں، نئی بات یہ ہے کہ وہ غلطی کے بعد کیا کرتا ہے۔ آدمؑ نے رجوع کا راستہ اختیار کیا، ہم نے جواز تراشنے کی صنعت قائم کر لی۔ ہم سے سوال کرو تو حالات خراب، حالات سے پوچھو تو زمانہ خراب اور زمانے سے پوچھو تو قسمت خراب۔ گویا اِس کائنات میں سوائے ہمارے، ہر چیز قصوروار ہے۔
ہماری زندگی کا سب سے بڑا المیہ یہ نہیں کہ ہم جھوٹ بولتے ہیں، بلکہ یہ ہے کہ جھوٹ کو مصلحت کا لباس پہنا دیتے ہیں۔ بددیانتی کو ذہانت، منافقت کو حکمت اور خود غرضی کو حق سمجھنے لگتے ہیں۔ اُصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہیں اور پھر اپنی ہی تقریروں میں اُصول پسندی کے علم بَردار بن جاتے ہیں۔ ہم نے ضمیر کو خاموش کرانے کیلئے اتنے دلائل جمع کر رکھے ہیں کہ اب سچ بولنے والا شخص بھی ہمیں بدتمیز اور بیوقوف دکھائی دیتا ہے۔
ہمیں اپنی غلطی ماننے سے اتنی تکلیف ہوتی ہے جتنی کسی اور کی کامیابی دیکھ کر نہیں ہوتی۔ معافی مانگنا ہمیں توہین لگتا ہے، جھکنا شکست اور اعتراف کمزوری محسوس ہوتا ہے۔ دُوسروں کے عیب گننے میں ہماری مہارت دیدنی ہے، مگر اپنے گریبان میں جھانکنے کیلئے شاید ہمیں کسی خصوصی چشمے کی ضرورت ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ دُنیا ہمارے کردار کی گواہی دے، مگر اپنے کردار کی عدالت میں خود پیش ہونے کو تیار نہیں۔ کیا خوب انصاف ہے!
آدمؑ زمین پر آئے تو اِنسان کے سامنے محنت، جدوجہد اور ذمہ داری کی ایک نئی دُنیا تھی۔ مگر ہم نے زمین کو بھی ایک منڈی بنا دیا۔ یہاں کردار بکتا ہے، ضمیر کرائے پر ملتا ہے، تعلقات مفادات کے تابع ہیں اور اُصول ضرورت کے مطابق تبدیل ہوتے ہیں۔ دولتمند ہونا کامیابی اور باکردار ہونا بعض اوقات حماقت سمجھا جاتا ہے۔ ہم نے ترقی کی عمارتیں تو بلند کر لیں، مگر اخلاق کی بنیادیں کھوکھلی چھوڑ دیں۔ پھر پوچھتے ہیں کہ معاشرہ زوال کا شکار کیوں ہے؟
ہمارا اجتماعی کردار بھی کسی عجائب گھر سے کم نہیں۔ دُوسروں سے دیانت چاہتے ہیں مگر خود موقع ملتے ہی اُصولوں کی تدفین کر دیتے ہیں۔ دُوسروں کے احتساب کیلئے جلوس نکالتے ہیں، مگر اپنی باری آئے تو قانون، حالات، مجبوری اور مصلحت کے پیچھے چھپ جاتے ہیں۔ ہم نے اپنے لیے الگ اخلاقیات اور دُوسروں کیلئے الگ معیار ایجاد کر رکھے ہیں۔ مسئلہ یہ نہیں کہ معاشرے میں بُرے لوگ زیادہ ہیں، مسئلہ یہ ہے کہ اچھے ہونیکا دعویٰ کرنیوالوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔
لیکن آدمؑ کی کہانی صرف ملامت نہیں، اُمید کا دروازہ بھی کھولتی ہے۔ اسکا سب سے بڑا سبق یہ ہے کہ اِنسان گرنے کے بعد اٹھ سکتا ہے، بشرطیکہ اُسے اپنی گراوٹ کا احساس ہو۔ غلطی کو تسلیم کرنا اصلاح کا پہلا قدم ہے، جبکہ اسے درست ثابت کرنیکی ضد اِنسان کو اسی دلدل میں مزید دھکیلتی ہے۔ جو شخص اپنی کوتاہی مان لیتا ہے، وہ اپنی انا سے ایک جنگ جیت لیتا ہے۔ اور جو اپنی انا سے ہار جائے، اُسے دُنیا کی کوئی کامیابی نہیں بچا سکتی۔
اصل مسئلہ یہ ہے کہ ہم نے اپنی شخصیت کے گرد خود فریبی کی ایسی دیواریں کھڑی کر لی ہیں جن میں سچ کی کوئی کھڑکی باقی نہیں رہی۔ ہمیں دُوسروں کی اصلاح کا شوق ہے، اپنی اصلاح سے الرجی ہے۔ ہمیں معاشرے کی خرابیوں پر غصہ آتا ہے، مگر اپنے کردار کی خرابیوں پر خاموشی چھا جاتی ہے۔ یاد رکھیے، معاشرہ آسمان سے نہیں اُترتا، ہم ہی اسے بناتے ہیں۔ اگر ہر شخص اپنے حصے کی بددیانتی، جھوٹ اور منافقت ختم کر دے تو شاید انقلاب کیلئے کسی نعرے کی ضرورت ہی نہ پڑے۔
آدمؑ کی کہانی گزرے ہوئے زمانے کا قصہ نہیں، ہمارے آج کا آئینہ ہے۔ ممنوعہ درخت بدل گئے، خواہشیں وہی ہیں، لغزشیں وہی ہیں اور خود فریبی کے طریقے پہلے سے زیادہ نفیس ہو گئے ہیں۔ فرق صرف یہ ہے کہ آدمؑ نے غلطی کے بعد رجوع کیا، ہم غلطی کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہیں، مؤقف بدلتے ہیں اور اپنے دفاع میں دلائل کے پہاڑ کھڑے کر دیتے ہیں۔ سوال یہ نہیں کہ ہم کتنی بار گرتے ہیں، سوال یہ ہے کہ کیا کبھی اپنی غلطی مان کر اُٹھتے بھی ہیں؟ کیونکہ اِنسان کی اصل بلندی اُسکے قد، عہدے یا دولت میں نہیں، اپنے ضمیر کے سامنے سر اُٹھا کر کھڑے ہونے میں ہے۔