عمران خان کا 9 مئی واقعات پر مشروط معافی مانگنے کا اعلان
راولپنڈی(سی ایم لنکس) بانی پی ٹی آئی نے مشروط معافی مانگنے کا اعلان کردیا۔اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پہلے 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیجز لائی جائیں، اگر پی ٹی آئی کے لوگ 9 مئی واقعات میں ملوث پائے گئے تو معافی بھی مانگوں گا، ان کو پارٹی سے نکالوں گا اور سزا بھی دلواؤں گا۔عمران خان نے کہا کہ کیا صرف آئی ایس پی آر کی عزت ہے، پاکستان اور عالمی سطح پر مقبول ترین شخص کی کوئی عزت نہیں، مجھے رینجرز نے گھسیٹا، کیا آپ کا حق نہیں کہ آپ مجھ سے معافی مانگیں۔
پی ٹی آئی نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا
اسلام آباد(سی ایم لنکس) تحریک انصاف نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔بیرسٹر گوہر علی خان کی جانب سے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کی ہے، جس میں الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ ایڈووکیٹ سلمان اکرم راجا کے ذریعے سیآرٹیکل 184/3 کی درخواست میں تحریک انصاف نے وفاق اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا ہے۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کو غیر آئینی و غیر قانونی قرار دیا جائے۔ الیکشن کمیشن کو مخصوص نشستیں دوسری سیاسی جماعتوں کو الاٹ کرنے سے فوری روک دیا جائے۔ خواتین و غیر مسلم کی مخصوص نشستیں تحریک انصاف کو الاٹ کرنے کا حکم دیا جائے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف مخصوص نشستوں کی فہرستیں الیکشن کمیشن میں جمع کرا چکی ہے۔ 12 جولائی کے عدالتی فیصلے کے بعد مخصوص نشستیں تحریک انصاف کا حق ہے۔