04 اگست یوم شہدائے پولیس ، ڈی پی او چترال لوئیر ودیگر افسران کا شہداء کی قبروں پر حاضری، شہداکے گھروں میں جا کر والدین اور بچوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا سلسلہ جاری
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) خیبر پختونخواہ پولیس کے زیر اہتمام یوم شہداء پولیس جوش وجذبے اور عقیدت و احترام کےساتھ منایا جارہا ہے۔ انسپکٹر جنرل آف خیبرپختونخواہ پولیس اختر حیات خان کی ہدایات پر شہداء کی قبروں پر حاضری، سلامی دینے کے ساتھ ساتھ اُن کے گھروں میں جا کر والدین اور بچوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا سلسلہ جاری ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال افتخارشاہ نے شہید اے۔ایس۔آئی عطاء الرحمن کے قبر پر جاکر حاضری دی پھول چڑھائے اور شہید کے روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ لوئر چترال پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی دی۔
اس موقع پر ایس۔پی۔انوسٹی گیشن عتیق الرحمن، ڈی۔ایس۔پی۔ہیڈکوارٹر احمد عیسی،ایس۔ڈی۔پی۔او سرکل بمبوریت حسن اللہ،ایس۔ڈی۔پی۔او سرکل سٹی چترال سجاد حسین، ڈی۔ایس۔پی۔لیگل شیر محسن الملک، ڈی۔ایس۔پی انوسٹی گیشین عزیزالدین، ریزرو انسپکٹر لائن قربان خان اور دیگر پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ڈی۔پی۔او لوئر چترال نے شہید کے بیٹے ایس۔پی۔انوسٹی گیشن عتیق الرحمن اور خاندان والوں سے ملاقات کی اور شہید کے روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی اور کہا کہ خیبر پختونخواہ پولیس کے افسروں اور جوانوں نے ملک کی سلامتی اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے اپنے جانوں کے نذرانے پیش کئیں ہیں ہمارے شہداء ہمارا فخر ہے ان کے لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
دریں اثنا ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال افتخار شاہ کی خصوصی ہدایت پر ایس۔ڈی۔پی۔او سرکل لٹکوہ تمیزالدین نے شہید SI امان اللہ اور ایس۔ایچ۔او تھانہ لٹکوہ SI قربان پناہ نے شہید کانسٹیبل خلیل الرحمن کے قبر پر جاکر حاضری دی پھول چڑھائے اور شہداء کے روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ لوئر چترال پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی دی۔
؎
ایس۔ڈی۔پی۔او سرکل لٹکوہ تمیزالدین اور ایس۔ایچ او تھانہ لٹکوہ SI قربان پناہ نے شہداء کے خاندان والوں سے ملاقات کی اور کہا کہ ہمارے شہداء ہمارا فخر ہے یوم شہداء منانے کا مقصد اپنے شہداء کے لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔
اسی طرح لوئر چترال پولیس کی جانب سے شہدائے پولیس کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے اتالیق پل چترال ،دروش بازار اور لٹکوہ میں شہداء کیمپ لگائے گئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال افتخار شاہ نے آج شہداء کیمپ اتالیق پل کا وزٹ کیا۔ اس موقع پر پولیس آفسران اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد بھی ان کے کے ہمراہ موجود تھے۔ ڈی۔پی۔او لوئر چترال نے اپنے خطاب میں شہداء کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کی بدولت ہمارے ملک میں امن و امان قائم ہے۔
دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ لوئر چترال پولیس کے شہداء ہمارا فخر ہے اور ہم اپنے شہید بیٹوں اور ان کے خاندان والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
