مہنگائی، بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کا لیاقت باغ میں دھرنا جاری،غریب پر ٹیکس کا بوجھ کم کرو،دال، چاول ، گھی پر ٹیکس ختم کرو، یہاں سے بات شروع کرینگے۔ امیرجماعت اسلامی
راولپنڈی(چترال ٹائمزرپورت ) مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنا دوسرے روز بھی جاری ہے۔راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جاری جماعت اسلامی کے دھرنے میں شرکاء بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ دھرنے کی انتظامیہ کی جانب سے شرکاء کے لیے ناشتہ کا حصوصی اہتمام کیا گیا۔مہنگائی اور بجلی کیبلوں میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کے دھرنے کے شرکاء نے مطالبات کی منظور ی تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ جماعت اسلامی کے دھرنے کے باعث مریڑ حسن سے کمیٹی چوک تک مری روڈ مکمل بند ہے۔ میٹرو بس سروس آج دوسرے روز بھی بند ہے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔میٹرو بس انتظامیہ نے گزشتہ روز صدر سے فیض آباد تک سروس معطل کی تھی۔ میٹرو بس سروس معطل ہونے سے راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والے مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔
حکومت فسطائی ہتھکنڈوں سے باز رہے، دھرنے کا رخ کسی بھی طرف کرسکتے ہیں، حافظ نعیم الرحمٰن
راولپنڈی(سی ایم لنکس)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ حکومت فسطائی ہتھکنڈوں سے باز رہے، ہمارے پاس آپشن موجود ہے، دھرنے کا رخ کسی بھی طرف کر سکتے ہیں۔راولپنڈی میں دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ حکومت نے کہا ہے کہ ہم بات چیت کرنا چاہتے ہیں، کچھ نام بھی سامنے آئے ہیں، کچھ ناموں پر ہمارے تحفظات ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت مذاکراتی کمیٹی کا اعلان کرے تومیں اپنی کمیٹی کا اعلان کروں گا، ہم نے لیاقت بلوچ کو مذاکرات کا ٹاسک سونپا ہے۔حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان کے 25 کروڑ لوگوں کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، ملک کے مختلف شہروں میں جماعت اسلامی کے کارکنوں کو گرفتار کیا گیا، جماعت اسلامی کے گرفتار کارکنوں کو رہا کیا جائے اور مقدمات ختم کیے جائیں۔امیر جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ ہم پْرامن سیاسی جدوجہد کے ذریعے اپنا سیاسی حق استعمال کرتے ہوئے عوام کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، ملک کا نوجوان ملک کے مستقبل سے ناامید ہو تو اس سے بڑی تباہی نہیں ہوسکتی۔ان کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو تعلیم، روزگار اور روشن مستقبل دینا چاہتے ہیں، ہمارا کوئی ذاتی مقصد نہیں، ہم اپنے ملک کا مستقبل روشن کرنا چاہتے ہیں، آئی پی پیز کو لگام دینا چاہتے ہیں جو عوام کا خون نچوڑ رہی ہے، آئی پی پیز کے سرکردہ لوگ ہر حکومت میں نظر آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم یہاں اس لیے آئے ہیں کہ عوام کا حق لیں گے، اس کیبغیر یہ دھرنا ختم نہیں ہوگا، ہم آگئے ہیں، روز کی بنیاد پر یہاں بیٹھ کر حکمت عملی ترتیب دیں گے، یہ دھرنا تاریخی انقلاب میں تبدیل ہوجائے گا۔حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ ایسا نہ سوچیں کہ چار دن کے لیے دھرنا دیں گے، تاریخ میں پہلی بار ہو رہا ہے کہ صنعت کار اپنے بجلی کے بلوں کی قسطیں بنوا رہے ہیں، ہم چاہتے تو ڈی چوک پہنچتے تو یہ روک نہیں سکتے، ہم یہاں بیٹھ کر قوم سے بات کریں گے۔امیر جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ حکومت یہ سمجھ رہی ہے کہ مری روڈ پر دھرنا ہوگا تو یہ ان کی خام خیالی ہے، ہمارے سارے مطالبات جائز ہیں، ملک کی معیشت سے واقف ہیں، ہم بتائیں گے کہ مسئلہ کیسے حل ہو سکتا ہے، جماعت اسلامی بجلی کی قیمت کم کروانا چاہتی ہے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ غریب عوام بجلی کے بل دینے کے قابل نہیں رہے، تاجر اور صنعتکاروں نے بتایا کہ اب فیکٹری چلانے کی ہمت نہیں، پاکستان کو انارکی کے لیے نہیں چھوڑ سکتے، پْرامن احتجاج کریں گے، جماعت اسلامی نے دھرنے کو مختلف دھرنوں میں تبدیل کیا، جائز ٹیکس کو تاجر تسلیم کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ بجلی کے نرخ کم کرو،اپنی مرعات ختم کرو، اپنی فری بجلی ختم کرو، اپنا فری پٹرول ختم کرو،اپنی بڑی بڑی گاڑیاں ختم کرو، تنخواہ دار طبقے کا ٹیکس ختم کرو، غریب پر ٹیکس کا بوجھ کم کرو،دال، چاول ، گھی پر ٹیکس ختم کرو، یہاں سے بات شروع کرینگے اگر مانتے ہیں توٹھیک ہے، دھرنا ختم کریں گے بصورت دیگر یہ پورے پاکستان میں پھیلتا جائیگا، اور مطالبات کی منطوری تک جاری رہے گا۔
