وزیراعلیٰ کا صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کے فروغ کیلئے صوبائی دارلحکومت پشاور میں بین الاقوامی معیار کا سائبر سکیورٹی انسٹیٹیوٹ قائم کرنے کا اُصولی فیصلہ
پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کے فروغ کیلئے صوبائی دارلحکومت پشاور میں بین الاقوامی معیار کا سائبر سکیورٹی انسٹیٹیوٹ قائم کرنے کا اُصولی فیصلہ کیا ہے ۔ یہ فیصلہ منگل کے روز وزیراعلیٰ کی زیر صدارت منعقدہ ایک اجلاس میں کیاگیا۔صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی ، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریزاور دیگر اعلیٰ حکام کے علاوہ ڈائریکٹر ،نیشنل سنٹر برائے سائبر سکیورٹی نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔ سائبر سکیورٹی انسٹیٹیوٹ ابتدائی طور پر پہلے سے دستیاب سرکاری عمارت میں شروع کیا جائے گااور اس انسٹیٹیوٹ میں بیچلر ، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی ڈگری پروگرام آفر کئے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ اعلیٰ تعلیم اور سائنس ٹیکنالوجی اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حکام کو اس سلسلے میں تمام جزیات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ سائبر سکیورٹی انسٹیٹیوٹ کے قیام کیلئے قابل عمل تجاویز جلد باضابطہ منظوری کیلئے پیش کی جائیں۔
اُنہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں سائبر سکیورٹی انسٹیٹیوٹ کا قیام وقت کی اشد ضرورت ہے اس پر بلاتاخیر کام شروع کیا جائے ۔اُنہوںنے مزید کہا کہ صوبائی حکومت اس مقصد کیلئے درکار تمام وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرے گی ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ آئی ٹی کے شعبے میں بے پنا ہ استعداد موجود ہے اس سے بھر پور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ مستقبل میں ڈویژنل سطح پر بھی عالمی معیار کے سائبر سکیورٹی انسٹیٹیوٹس قائم کئے جائیں گے ۔ علی امین گنڈ اپور نے کہاکہ نوجوانوں کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم و تربیت دینا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں جدید تعلیم و تربیت دے کر قومی اور بین الاقوامی سطح پر خود روزگاری کے قابل بنایا جا سکتا ہے ۔ اُنہوںنے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ، موجودہ صوبائی حکومت انہیں تمام شعبوں بھر پور مواقع فراہم کرے گی ۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کا شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن اُسامہ بن ارشد کی شہادت پر افسوس کا اظہا ر
پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن اُسامہ بن ارشد کی شہادت پر افسوس کا اظہا ر کرتے ہوئے شہید کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔یہاں سے جاری اپنے ایک تعزیتی بیان میں وزیراعلیٰ نے شہید کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دُعا کی ہے اور کہا ہے کہ وہ اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیاں دی ہیں اور ان کی یہ قربانیاں دہشت گردی کے خلاف قوم کے عزم کو مزید پختہ کرتی ہیں ۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ملک و قوم کی خا طر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں، ان کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔د ہشت گردی کے خلاف جنگ میںپوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔دریں اثناءوزیراعلیٰ نے لکی مروت میں پولیس اہلکار کی گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور فائرنگ کے نتیجے میں بچوں سمیت پولیس اہلکار کے شہید ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اورشہید کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دُعا کی ہے ۔ علی امین گنڈا پور نے پولیس کو فائرنگ میں ملوث عناصر کی گرفتاری کیلئے فوری اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی ہے ۔