ٹی ایم ایز، اے ڈی لوکل گورنمنٹ اور تمام ایریا ڈیویلپمنٹ اتھارٹیز کو کے پی آر اے کے ساتھ رجسٹریشن کرنے کے احکامات جاری
پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ) خیبر پختونخوا سیکرٹری محکمہ بلدیات نے تمام ٹی ایم ایز، ا اسسٹنٹ ڈائریکٹرلوکل گورنمنٹ اور ایریا ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی کے ساتھ تین دن کے اندر اندر اپنی رجسٹریشن مکمل کر کے احکامات جاری کر لئے۔
تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی کی ڈائریکٹر جنرل فوزیہ اقبال نے اپنی ٹیم کے ہمراہ محکمہ بلدیات کے سیکرٹری داؤد خان کے دفتر کا دورہ کیا اور ان کے ساتھ خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی سے متعلق میٹنگ کی۔فوزیہ اقبال نے بتایا کہ زیادہ تر ٹی ایم ایز اسسٹنٹ، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اور ایریا ڈیویلپمنٹ اتھارٹیز ابھی تک خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں ہیں اور جو رجسٹرڈ ہیں ان کی طرف سے ٹیکس کی وصولی پر مکمل عمل درآمد نہیں کیا جا رہا اور نہ ہی ان کی ٹیم کے ساتھ ڈیٹا شیئر کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے ان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اس موقع پر سیکرٹری محکمہ بلدیات داؤد خان نے احکامات جاری کیے کہ تمام ٹی ایم ایز، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اور ایریا ڈیویلپمنٹ اتھارٹیز تین دن کے اندر اندر کے پی آر اے کے ساتھ اپنا اندراج مکمل کر کے ٹیکس کی وصولی کو یقینی بنائیں اور ساتھ میں یہ بھی احکامات جاری کیے کہ تمام ٹی ایم ایز اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اور لوکل ایریا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی اتھارٹیز اپنی آمدنی اور اخراجات کا ڈیٹا کے پی آر اے کے ساتھ بروقت شیئر کریں گی۔میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی تمام ٹی ایم ایز، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اور لوکل ایریاز ڈیولپمنٹ اتھارٹیز کے افسران کے لیے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کرے گی۔
