اپر چترال : کسی بھی اڈے سے کوئی بھی منشی یا ڈرائیور کسی مسافر سے سرکاری کرایہ نامے سے زائد کرایہ وصول نہیں کریگا۔ اپر چترال پولیس
اپر چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) ضلعی پولیس سربراہ وقار احمد کے حکم پر ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر چترال اپر امیر شاہ نے ضلع ہذا میں موجود اڈوں کے مالکان کے ساتھ سرکاری کرایہ ناموں اور بسوں کی فٹنس پر عملدرآمد کے سلسلے میں میٹنگ کی۔
اڈہ مالکان کو ہدایت دی گئی کہ آج کے بعد کسی بھی اڈے سے کوئی بھی منشی یا ڈرائیور کسی مسافر سے سرکاری کرایہ نامے سے زائد کرایہ وصول نہیں کریگا۔ شکایت موصول ہونے کی صورت میں ڈرائیور کے ساتھ اڈا مالک کے خلاف بھی قانونی کارروائی کیجائیگی۔
اڈا مالکان کو اس بات پر پابند کیا گیا کہ وہ اڈہ کے کسی نمایاں مقام پر کرایہ نامے کا بورڈ لگائینگے۔ اور اس میں سرکاری کرایہ نامے کا اندراج ہوگا اور یہ کام اڈہ مالکان صرف دو دن میں سرانجام دینگے۔
اڈہ کے مالکان اس بات کے بھی پابند ہونگے کہ کوئی اڈا منشی یا ڈرائیور مسافروں کے ساتھ بداخلاقی کے ساتھ پیش نہیں آئینگے۔ شکایت موصول ہونے کی صورت میں ڈرائیور سمیت اڈہ مالکان کے خلاف بھی سخت کارروائی کیجائیگی۔
اڈا مالکان اپنے اڈوں میں قابل سفر گاڑیوں کو چلانے کی اجازت دینگے۔ گاڑی کی خرابی سے مسافروں کو تکلیف پہنچنے کی صورت میں کوئی شکایت موصول ہوجائے تو اڈا مالکان سے پوچھ گچھ کی جائیگی۔
اڈہ مالکان میٹنگ میں یقین دہانی کرائی کہ آیندہ کسی مسافر کو سرکاری کرایہ نامے سے زاید کرایہ لینے اور کسی کے ساتھ بدخلاقی سے پیش آنے کی نسبت شکایت کا موقع نہیں دینگے۔

