گورنرحاجی غلام علی نے صوبے کی سرکاری ہسپتالوں میں ضروری و ایمرجنسی ادویات کے ختم ہونے اور مجموعی مالی مسائل کے معاملے پر نگران وزیراعلیٰ جسٹس(ر)ارشد حسین شاہ کو خط لکھ دیا
ہسپتالوں میں جان بچانے والی ادویات سمیت دیگرضروری سامان اور ادویات ختم ہوگئے ہیں، ادویات اوردیگرضروری سامان کی جنگی بنیادوں پر فراہمی یقینی بنائی جائے، خط کامتن
پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے صوبے کی سرکاری ہسپتالوں میں ضروری و ایمرجنسی ادویات کے ختم ہونے اور مجموعی مالی مسائل کے معاملے پر نگران وزیراعلیٰ جسٹس(ر)ارشد حسین شاہ کو خط لکھ دیا۔خط میں کہاگیا ہے کہ ہسپتالوں میں فنڈختم ہونے سے غریب عوام کو مشکلات کا سامناکرناپڑرہاہے اورہسپتالوں میں جان بچانے والی ادویات سمیت دیگرضروری سامان اور ادویات ختم ہوگئے ہیں۔خط میں درج ہے کہ ہسپتالوں کو ادویات اوردیگرضروری سامان کی جنگی بنیادوں پر فراہمی یقینی بنائی جائے۔خط کے متن کے مطابق ضروری اور ایمرجنسی ادویات خریدنے کیلئے فنڈز نہ ہونیکی خبریں پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا میں شائع/نشر ہوئی ہیں۔گورنر کی جانب سے لکھے گئے خط میں وزیراعلی کو کہاگیا ہے کہ محکمہ فنانس اور محکمہ صحت کے حکام کو ہسپتالوں کیلئے فنڈزجاری کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں کیونکہ ہسپتالوں میں ادویات نہ ہونے سے عوام میں بے چینی اور مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ نگران وزیراعلیٰ اس سلسلے میں فوری طور احکامات جاری کرکے ہسپتالوں میں ضروری وایمرجنسی ادویات سمیت عوام کے مشکلات کاخاتمہ یقینی بنائے۔
گورنر حاجی غلام علی کا صدر بازار پشاور کا دورہ،صدر بازار میں آگ لگنے سے متاثرہ ٹائم سنٹر شاپنگ پلازہ کا جائزہ لیا
گورنر کا ٹائم سنٹر میں آتشزدگی کے باعث کروڑوں مالیت کے نقصان پر دکھ و افسوس کا اظہار، متاثرہ تاجروں، دکانداروں سے اظہار ہمدردی
حادثہ انتہائی افسوسناک ہے، تاجر برادری کے نقصانات پر غمزدہ ہوں، گورنرحاجی غلام علی
پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے منگل کے روز صدر بازار پشاور کا دورہ کیا اور صدر بازار میں آگ لگنے سے متاثرہ ٹائم سنٹر شاپنگ پلازہ کا جائز ہ لیا۔اس موقع پر پولیس و ریسکیو حکام کی جانب سے گورنر کو بریفنگ دی گئی۔ گورنرکو بتایاگیا کہ آگ لگنے سے ٹائم سنٹر 65 دکانیں، 17 گودام جبکہ یونائٹیڈمارکیٹ میں 60 دوکانیں مکمل طور پر خاکستر ہو گئی ہیں، دکانوں کے اندر موجودکروڑوں روپے کے موبائل فون و دیگر سامان سمیت نقد رقم بھی نذر آتش ہو گئی ہے۔گورنر نے ٹائم سنٹر میں آتشزدگی کے باعث کروڑوں مالیت کے نقصان پر دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس افسوسناک آتشزدگی کے واقعہ پر متاثرہ تاجروں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ تاجروں نے گورنر سے متاثرہ عمارت میں داخل ہونے کیلئے اپیل کی،جس پر گورنر نے تاجروں، دکانداروں کو متعلقہ حکام سے بات چیت کر کے عمارت میں رسائی دینے کی یقین دہانی کرائی۔گورنرنے فوری طور پر سٹیشن کمانڈر سے رابطہ کیا اور تاجروں کو دوکانات میں داخل ہونے کاکہاجس پر سٹیشن کمانڈر نے کہاکہ مزیدکسی بھی نقصان سے بچنے کیلئے عمارت کو کچھ وقت کیلئے بندکیاگیاتھا اورکل ایس او پی کے مطابق متاثرہ تاجروں کو دوکانوں میں جانے کی اجازت دی جائیگی۔
پشاور صدربازار کے دورہ کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ حادثہ انتہائی افسوس ناک ہے، تاجر برادری کے نقصانات پر غمزدہ ہوں۔انہوں نے کہاکہ کاروباری طبقہ پہلے ہی مشکلات سے دوچار ہیں۔ ایک مصروف تجارتی مرکز میں آتشزدگی کے واقعہ نے تجارتی فضاء کو افسردہ کردیا ہے، ہماری کوشش ہے کہ صدر بازار سمیت پشاور بھرمیں معاشی و تجارتی سرگرمیاں عروج پر رہیں۔انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت سے دوکانداروں کے نقصانات کے ازالے کیلئے بات کی جائیگی اور کوشش ہوگی کہ متاثرہ دوکانداروں کی خواہ بلا سود قرضوں کی صورت میں ہوں یاجو بھی ممکن ہو معاونت کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ وہ خود پشاور سے ہیں اور کاروباری طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں، متاثرہ دوکانداروں کے بھاری نقصان پر دکھ اوردرد کا اندازہ لگا سکتاہوں۔اس موقع پرتاجربرادری نے کہاکہ اس سے پہلے میئرپشاور حاجی زبیرعلی نے بھی دورہ کرتے ہوئے تاجروں کے نقصانات کے ازالہ کیلئے صوبائی ووفاقی حکومت سے معاونت کی اپیل کی۔متاثرہ عمارت کا دورہ کرنے اور تاجروں کو حوصلہ ودادرسی پرتاجربرادری نے گورنراور میئرپشاور کا شکریہ ادا کیا۔
