دہشت گردی کے خلاف جنگ اور امن و امان کے قیام میں پولیس کا کردار قابل تحسین ہے۔ کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کرنل سمیع زمان
چترال ( نمایندہ چترال ٹایمز ) کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کرنل سمیع زمان نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کے قیام میں پولیس کا کردار قابل تحسین ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ پولیس ہراول دستے کا کردار ادا کررہی ہے، انکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ان خیالات کا اظہار انھوں نے سی۔ٹی۔ڈی۔پولیس اسٹیشن کبل سوات بم دھماکے میں شہید ہونے والے لوئر چترال پولیس کے جوان شہید خلیل الرحمن اور شہید فضل رازق کو خراج تحسین پیش کرنے اور تعزیت کے لئے پولیس لائن لوئر چترال آمد کے موقع پر پولیس کے جوانوں سے خطاب کرتے ہویے کہی۔ کمانڈنٹ نے ڈی۔پی۔او کے ہمراہ یادگار شہداء پر حاضری دی پھول چڑھائے اور شہداء کے روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔اورشہدا کی قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔
اس قبل پولیس لائن لوئر چترال پہنچنے پر ڈی۔پی۔او لوئر چترال اکرام اللہ,ایس۔پی۔انوسٹی گیشن محمد ستار خان, ڈی۔ایس۔پی ہیڈکوارٹر احمد عیسی اور دیگر افسران نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ لوئر چترال پولیس کے چاق وچوبند دستے نے کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کو سلامی پیش کی۔
کمانڈنٹ چترال سکاوٹس نے ڈی۔پی۔او لوئر چترال کے ہمراہ پولیس خدمت مرکز زرگراندہ چترال کا بھی دورہ کیا وہاں پر موجود شعبہ جات میں عوام کو دی جانی والی سہولیات کا جائزہ لیا اور اس پر اطمینان کا اظہار کیا۔اور ساتھے پولیس کمانڈ اینڈ کنٹرول کا خصوصی طور پر وزٹ کیا ۔جہاں انچارچ کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم PASI سیف الدین نے افسران کو تفصیلی بریفنگ دی۔کمانڈنٹ نے پولیس کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو ایک اچھا اقدام قرار دیا اور کہا کہ پولیس روایتی کام سے ہٹ کر جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استعفادہ حاصل کررہی ہے جو کہ خوش آئند ہے۔
