چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) معاون خصوصی وزیر اعلی خیبر پختونخوا وزیر زادہ اور کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیرالاسلام شاہ نے کالاش ویلی بمبوریت میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے یقین دھانی کرائی ہے ۔ کہ کالاش ویلیز روڈ کی تعمیر آیندہ سال کے اوائل میں شروع ہو گی ۔ اور این ایچ اے کے زیر نگرانی ایک معیاری روڈ تعمیر کیا جائے گا ۔ یہ روڈ بعض ٹیکنیکی مسائل کی بنا پر تاخیر کا شکار ہوا ہے ۔
انہوں نے بی ایچ یو بمبوریت میں روٹیشن پر ڈاکٹر کی تعیناتی کیلئے ڈی ایچ او چترال کو ہدایت کی ۔ اور کہا ۔ کہ کالاش ویلیز سیاحتی مقامات ہیں ۔ یہاں ڈاکٹر کا ہونا از بس ضروری ہے ۔ اس لئے ڈاکٹروں کی کمی کے باعث روٹیشن پر ڈاکٹر فراہم کی جاسکتی ہے ۔
اس موقع پر کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے معاون خصوصی وزیر زادہ کی طرف سے چترال کی ترقی کیلئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا ۔ اور کہا ۔ کہ کئی منصوبے وزیرزادہ کی ذاتی دلچسپی اور کوششوں کے نتیجے میں ممکن ہوئے ہیں ۔ قبل ازین کھلی کچہری میں کالاش ویلیز کے مسائل کے حوالے سے سابق ممبر ڈسٹرکٹ کونسل ایون عبد المجید قریشی نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے کالاش ویلیز روڈز ، سید آباد میں چترال یونیورسٹی کی بلڈنگ کی تعمیر شروع کرنے ، ہائیر سکینڈری سکول بمبوریت کی فوری تکمیل کرکے طلبہ کو داخلہ دینے ، صحت کی سہولیات کی فراہمی اور وادی کے اندر مقامی لوگوں کی تعمیرات پر پابندی سے متعلق عوامی خدشات و مشکلات سے مہمانوں کو آگاہ کیا ۔ اور کہا ۔ کہ انتظامیہ کی طرف سے کھلی کچہری کا انعقاد کرکے اس میں مسائل حل کرنے کی یقین دھانی کی جاتی ہے ۔ لیکن عملدر آمد نہ ہونے کے برابر ہے ۔ جس سے عوام میں حکومت اور اداروں کے خلاف بد اعتمادی پیدا ہوتی ہے ۔ اس لئے کھلی کچہری میں ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ۔ ان کی طرف سے تعمیرات کے بارے میں اٹھائے گئے سوال کے جواب میں کمشنر ملاکنڈ نے ہدایت کی ۔ کہ کالاش ویلیز کا ایک خاص کلچر ہے ۔ اس لئے یہاں تعمیر ہونے والے تمام مکانات ثقافتی آرکیٹکچر کے مطابق تعمیر ہونے چاہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ مقامی لوگوں کی تعمیرات پر کوئی پابندی نہیں ۔ تاہم یہ کلچر کے مطابق ہونے چاہیں ۔ اور اس کیلئے سب سے اچھا ماڈل کالاشہ دور کی بلڈنگ ہے ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر چترال حسن عابد ودیگر محکمہ جات کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔

