چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) آغا خان ہیلتھ سروس چترال کے زیر انتظام چلنے والے ہیلتھ سنٹرسوسوم کریم آباد میں پہلی دفعہ ٹیلی ہیلتھ سروس کا آغاز کردیا گیا اس سلسلے میں ایک تقریب گزشتہ دن آغا خان ہیلتھ سنٹر سوسوم میں منعقد ہوئی ۔ جس میں مہمان خصوصی صدرنامدارلوکل کونسل نادر محمد نے فیتہ کاٹ کر ٹیلی ہیلتھ سروس کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر آغا خان ہیلتھ سروس چترال کے کمیونٹی منیجر نصرت جہاں، مارکیٹنگ آفیسر رحمت خان ، فیلڈ ہیلتھ آفیسرعائشہ ماب، سینئر آئی ٹی آفیسر سکندر ولی اورڈیجیٹل ہیلتھ کوارڈنیٹر خالدہ پروین بھی موجود تھے۔
مہمان خصوصی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آغاخان ہیلتھ سروس پاکستان اورتمام متعلقہ ذمہ داروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ٹیلی ہیلتھ سروس سے کریم آباد جیسے دورآفتادہ اورپسماندہ علاقے کے عوام کو انکے دہلیز پر صحت کی بہترین اور جدید سہولیات میسر ہونگے۔ اورمریضوں کو دشوارگزارراستوں سے ہوتے ہوئے دوسرے علاقوں میں جانے سےبھی نجات ملے گی۔ اور ساتھ وقت کی بچت کے ساتھ سفری اوردوسرے اضافی اخراجات سے بھی بچ جائیں گے۔صدرلوکل کونسل نے اے کے ایچ ایس پی کے ریجنل ہیڈ معراج الدین کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا کہ انکی خصوصی دلچسپی اور تعاون سے ٹیلی ہیلتھ سروس کا اجراسوسوم جیسے دورآفتادہ علاقے میں ممکن ہوا۔
یادرہے کہ ٹیلی ہیلتھ سروس سے وادی کریم آباد کے مریض براہ راست آغا خان ہسپتال کراچی، آغا خان میڈیکل سنٹر بونی ، آغا خان میڈیکل سنٹر گلگت کے ماہرین طب سے اپنی بیماری کے بارے میں براہ راست بات چیت کرسکیں گے اور طبی مشورہ لیں گے ۔


