The Voice of Chitral since 2004
Saturday, 28 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

پشاور ڈویژن میں غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں اور تعمیرات کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ، خلاف ورزی کرنے والی سکیمیں سیل کرنے کا حکم

Chitral Times

پشاور ڈویژن میں غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں اور تعمیرات کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ، خلاف ورزی کرنے والی سکیمیں سیل کرنے کا حکم

پشاور ڈویژن میں غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں اور تعمیرات کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ، خلاف ورزی کرنے والی سکیمیں سیل کرنے کا حکم

پشاور ڈویژن میں غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں اور تعمیرات کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ، خلاف ورزی کرنے والی سکیمیں سیل کرنے کا حکم

۔

زرعی اراضی کو رہائشی سکیموں میں تبدیل کرنے پر پابندی، غیر قانونی تعمیرات فوری روکنے اور خطرناک عمارتیں گرانے سمیت اہم اقدامات کا فیصلہ؛ کمشنر پشاور کی زیر صدارت اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز کو سخت ہدایات

پشاور(نمائندہ چترال ٹائمز ) کمشنر پشاور ڈویژن کیپٹن (ر) خالد محمود نے ڈویژن کے پانچوں اضلاع میں غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں، قواعد و ضوابط کے برخلاف تعمیرات اور زرعی اراضی کے غیر قانونی استعمال کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو بلڈنگ قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں اور غیر قانونی تعمیرات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، جبکہ مسلسل خلاف ورزی کرنے والی سکیموں کو سیل کیا جائے گا۔

اس حوالے سے کمشنر پشاور ڈویژن کی زیر صدارت لینڈ یوز پلان اور عمارتوں کی تعمیر سے متعلق قوانین (LUBCA) پر عملدرآمد کے جائزے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پشاور ڈویژن کے پانچوں اضلاع میں ہاؤسنگ سکیموں کی قانونی حیثیت، تعمیرات کی منظوری، نقشوں کی جانچ پڑتال، شہری سہولیات اور عمارتوں کی حفاظت سمیت مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ اداروں، ضلعی انتظامیہ اور مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈویژن بھر میں ہاؤسنگ سکیموں کی نگرانی کا نظام مزید مؤثر بنایا جائے گا اور ڈپٹی کمشنرز متعلقہ اداروں کے اشتراک سے تمام سکیموں کی قانونی حیثیت اور قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کی نگرانی کریں گے۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ تجاوزات کے خلاف جاری مہم میں LUBCA قوانین پر عملدرآمد کو بھی شامل کیا جائے اور زرعی اراضی کو غیر قانونی طور پر رہائشی سکیموں میں تبدیل کرنے کا سلسلہ فوری روکا جائے۔ انہوں نے زرعی زمینوں کے تحفظ اور زمین کے غیر قانونی استعمال میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی۔

اجلاس میں زمینوں کی ملکیت اور قانونی حیثیت کی تصدیق سے متعلق زیر التواء کیسز فوری نمٹانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ متعلقہ محکموں کے ساتھ ہر ہفتے اجلاس منعقد کریں اور ان معاملات میں حائل رکاوٹیں دور کرکے زیر التواء کیسز کی تکمیل یقینی بنائیں۔

اسی طرح تمام ہاؤسنگ سکیموں کے منظور شدہ نقشوں، تعمیر شدہ مکانات اور ترقیاتی منصوبوں کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ جن سکیموں کے ترقیاتی نقشے موجود نہیں، ان کے مالکان کو ایک ماہ کے اندر نقشے تیار کرکے متعلقہ اداروں میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ منظور شدہ نقشوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تعمیرات کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ہاؤسنگ سکیموں میں صفائی، سیوریج، نکاسی آب اور کوڑا کرکٹ اٹھانے کے نظام کو بہتر بنانے کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔ متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی کہ رہائشی علاقوں میں صفائی ستھرائی اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ شہریوں کو صحت مند اور محفوظ ماحول میسر آ سکے۔

اجلاس میں خطرناک اور خستہ حال عمارتوں کے حوالے سے بھی اہم فیصلے کیے گئے۔ متعلقہ اداروں کو ایک ماہ کے اندر ایسی عمارتوں کی نشاندہی، معائنہ اور انہیں قانونی طور پر خطرناک قرار دینے کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ کمشنر نے واضح کیا کہ انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور خطرناک عمارتوں کے خلاف قانون کے مطابق فوری اقدامات کیے جائیں، جن میں ضرورت پڑنے پر انہیں مسمار کرنا بھی شامل ہے۔

اجلاس میں غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف سخت کارروائی، غیر قانونی تعمیرات فوری رکوانے اور متعلقہ اجازت نامے حاصل ہونے تک تعمیراتی سرگرمیاں بند رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے۔ مسلسل خلاف ورزی کرنے والی سکیموں کو سیل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، جبکہ کسی بھی ہاؤسنگ سکیم کی منظوری سے قبل تمام متعلقہ محکموں سے لازمی اجازت نامے حاصل کرنے کی شرط پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن کیپٹن (ر) خالد محمود نے کہا کہ ہاؤسنگ سکیموں اور عمارتوں کی تعمیر سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ شہریوں کو غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں، غیر معیاری تعمیرات اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی سے محفوظ رکھنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی تعاون کے ذریعے غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے اور شہریوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (PDA)، LUBCA، خیبر پختونخوا ہائی ویز اتھارٹی (PKHA)، ٹی ایم ایز اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر مشترکہ کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے اقدامات پر عملدرآمد کی باقاعدہ رپورٹس مرتب کرنے اور سرکاری فرائض میں غفلت یا احکامات پر عملدرآمد میں تاخیر کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد اور پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اگلا اجلاس 28 دسمبر کو طلب کر لیا گیا ہے، جس میں تمام متعلقہ اداروں کی کارکردگی اور جاری اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔