ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام دوبارہ بحال کیا جائیگا۔ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ پشاور میں ہوگا، گورنرفیصل کریم کنڈی،
.
پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ گورنر راج کے نفاذ کے بعد صوبے سے دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ عوام، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے باہمی تعاون سے دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر توجہ مرکوز کرنا دوسری بڑی ترجیح ہے، جس کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے 160 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج پر ان کے شکر گزار ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس پشاور میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر نے کہا کہ صوبے میں صفائی ستھرائی کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، تجاوزات کے خلاف کامیاب آپریشن کیا گیا ہے، جبکہ تحصیل کی سطح تک صفائی مہم بھی شروع کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں کان کنی کے ٹھیکے قانون کے مطابق دیے جائیں گے اور غیر قانونی کان کنی کے خلاف مؤثر کارروائی کی جا رہی ہے۔ ان کے بقول غیر قانونی کان کنی سے حاصل ہونے والی آمدن دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی تھی۔ پلیسر گولڈ کی غیر قانونی کان کنی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد لیز منسوخ کی گئی ہیں، جبکہ معاملے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن قائم اور کان کنی کے شعبے میں نئے قواعد و ضوابط مرتب کرنے کے لیے ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے۔ گورنر کے مطابق غیر قانونی کان کنی میں چھ ہزار سے زائد ایکسویٹرز اور دیگر مشینری استعمال ہو رہی تھی۔
فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 13 سال گزرنے کے باوجود خیبرپختونخوا میں ایک نیا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر نہیں کیا جا سکا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام دوبارہ بحال کیا جائے گا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ پشاور میں منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے جنوری 2027ء میں پشاور میں سہ فریقی کرکٹ سیریز کرانے کا بھی اعلان کیا، جس میں پاکستان کی قومی ٹیم، پاکستان شاہینز اور انڈر 19 ٹیمیں حصہ لیں گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ ضم اضلاع سمیت خیبرپختونخوا کے دیگر علاقوں میں کھیلوں اور کرکٹ کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ کرکٹ کے فروغ کے لیے آئندہ 10 سے 15 روز میں باقاعدہ اسکیم کا اعلان کیا جائے گا، جبکہ مستقبل میں پشاور میں بین الاقوامی کرکٹ میچز منعقد کرانے کی بھی کوشش کی جائے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم میں خیبرپختونخوا کا اہم کردار ہے اور صوبے میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، جسے آگے بڑھنے کے لیے مناسب مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔