The Voice of Chitral since 2004
Sunday, 22 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

مالاکنڈ ڈویژن میں مجوزہ ٹیکسوں کے خلاف بھرپور احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ، جماعت اسلامی خیبر پختونخوا شمالی کے ضلعی امراء کا اجلاس

Chitral Times

مالاکنڈ ڈویژن میں مجوزہ ٹیکسوں کے خلاف بھرپور احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ، جماعت اسلامی خیبر پختونخوا شمالی کے ضلعی امراء کا اجلاس

مالاکنڈ ڈویژن میں مجوزہ ٹیکسوں کے خلاف بھرپور احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ، جماعت اسلامی خیبر پختونخوا شمالی کے ضلعی امراء کا اجلاس

مالاکنڈ ڈویژن میں مجوزہ ٹیکسوں کے خلاف بھرپور احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ، جماعت اسلامی خیبر پختونخوا شمالی کے ضلعی امراء کا اجلاس

.

چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) جماعت اسلامی خیبر پختونخوا شمالی کے ضلعی امراء کا ایک اہم اور ہنگامی اجلاس اتوار کے روز صوبائی امیر عنایت اللہ خان کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں مالاکنڈ ڈویژن میں وفاقی حکومت کی جانب سے مجوزہ ٹیکسوں کے نفاذ کے خلاف جامع اور ہمہ گیر احتجاجی حکمت عملی ترتیب دی گئی۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ مالاکنڈ کے عوام کو اس ظالمانہ اور غیر منصفانہ فیصلے کے خلاف منظم کیا جائے گا اور عوامی طاقت کے ذریعے وفاقی حکومت کو یہ فیصلہ واپس لینے پر مجبور کیا جائے گا۔

اجلاس میں نائب صوبائی امیر مغفرت شاہ، دیگر صوبائی عہدیداران اور خیبر پختونخوا شمالی کے تمام اضلاع کے امراء نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطے کی مجموعی معاشی، سماجی اور امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے اس امر پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ مالاکنڈ ڈویژن گزشتہ کئی دہائیوں سے دہشت گردی اور بدامنی کے باعث شدید متاثر رہا ہے، جس نے مقامی معیشت اور کاروباری سرگرمیوں کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ اس کے علاوہ حالیہ برسوں میں آنے والی غیر معمولی قدرتی آفات، سیلابوں اور زلزلوں نے بھی علاقے کے بنیادی ڈھانچے اور عوام کے ذرائع معاش کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔

اجلاس کے اعلامیے میں وفاقی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ وہ مالاکنڈ ڈویژن میں پھیلی ہوئی غربت، بے روزگاری اور پسماندگی کا فوری ادراک کرے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ ایسے حالات میں جب علاقے کے عوام کو خصوصی ریلیف اور ترقیاتی پیکجز کی ضرورت ہے، نئے ٹیکسوں کا نفاذ خطے کے عوام کے ساتھ سراسر زیادتی اور ان کے معاشی قتل کے مترادف ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جماعت اسلامی اس معاملے پر خاموش نہیں بیٹھے گی بلکہ عوامی آگاہی مہم کے ساتھ بھرپور احتجاجی تحریک بھی چلائی جائے گی، تاکہ مالاکنڈ کے عوام کے آئینی اور معاشی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ اس سلسلے میں ضلعی سطح پر رابطہ مہم تیز کرنے اور تاجر برادری سمیت تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو اعتماد میں لینے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔

اجلاس کے دیگر اہم ایجنڈوں میں 12 دسمبر کو پشاور میں منعقد ہونے والے صوبائی سطح کے عظیم الشان ورکرز کنونشن اور عوامی اجتماع کی تیاریوں کا جائزہ بھی شامل تھا۔ ضلعی امراء نے اپنے اپنے اضلاع سے کارکنان کی بھرپور شرکت یقینی بنانے کے لیے اب تک کی جانے والی پیش رفت اور انتظامات سے صوبائی قیادت کو آگاہ کیا۔

اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی امیر عنایت اللہ خان نے کہا کہ 12 دسمبر کا پشاور اجتماع صوبے کی سیاسی تاریخ میں ایک سنگ میل اور فیصلہ کن موڑ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام فرسودہ نظام اور نااہل حکمرانوں کی پالیسیوں سے تنگ آ چکے ہیں اور اب حقیقی تبدیلی کے خواہاں ہیں۔

عنایت اللہ خان نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی ہی وہ واحد سیاسی قوت ہے جو عوام کے مسائل حقیقی معنوں میں حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور کرپشن سے پاک قیادت فراہم کر سکتی ہے۔ انہوں نے ضلعی امراء اور کارکنان پر زور دیا کہ وہ 12 دسمبر کے اجتماع کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں اور گھر گھر جا کر جماعت اسلامی کا پیغام پہنچائیں۔

اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مالاکنڈ ڈویژن میں مجوزہ ٹیکسوں کے خلاف احتجاجی تحریک اور پشاور کنونشن کی تیاریوں کو بیک وقت آگے بڑھایا جائے گا، تاکہ صوبے کے عوام کے حقوق کی جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔