The Voice of Chitral since 2004
Sunday, 22 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

خیبرپختونخوا میں موجودہ رکشوں کو الیکٹرک میں تبدیل کرنے کا پائلٹ منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ، ایندھن کے اخراجات میں نمایاں کمی متوقع، آصف رفیق

Chitral Times

خیبرپختونخوا میں موجودہ رکشوں کو الیکٹرک میں تبدیل کرنے کا پائلٹ منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ، ایندھن کے اخراجات میں نمایاں کمی متوقع، آصف رفیق

خیبرپختونخوا میں موجودہ رکشوں کو الیکٹرک میں تبدیل کرنے کا پائلٹ منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ، ایندھن کے اخراجات میں نمایاں کمی متوقع، آصف رفیق

خیبرپختونخوا میں موجودہ رکشوں کو الیکٹرک میں تبدیل کرنے کا پائلٹ منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ، ایندھن کے اخراجات میں نمایاں کمی متوقع، آصف رفیق

.

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے ٹرانسپورٹ، بلدیات، مواصلات و تعمیرات، ہاؤسنگ، زراعت اور لائیوسٹاک آصف رفیق نے کہا ہے کہ صوبے میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ دینے کے لیے موجودہ رکشوں کو الیکٹرک رکشوں میں تبدیل کرنے کا پائلٹ منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں فضائی اور شور کی آلودگی ایک اہم مسئلہ بن چکی ہے، جس کے عوامی صحت اور شہری ماحول پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ حکومت ان مسائل کے تدارک کے لیے روایتی رکشوں کو الیکٹرک ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کا منصوبہ متعارف کرا رہی ہے۔

آصف رفیق کے مطابق اس منصوبے کے تحت پہلے سے سڑکوں پر چلنے والے رکشوں کو الیکٹرک نظام پر منتقل کیا جائے گا، جس سے دھوئیں کے اخراج اور شور کی آلودگی میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔ یہ اقدام ماحول کے تحفظ اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت ہوگا۔

انہوں نے رکشہ ڈرائیوروں اور رکشہ یونین کے نمائندوں سے اپیل کی کہ وہ اس پائلٹ منصوبے سے بھرپور استفادہ کریں اور اپنے موجودہ رکشوں کو الیکٹرک میں تبدیل کرانے کے لیے آگے آئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے رکشہ ڈرائیوروں کو مالی فائدہ بھی پہنچے گا، کیونکہ اس وقت ایک رکشے پر ماہانہ تقریباً 30 سے 40 ہزار روپے ایندھن کی مد میں خرچ ہوتے ہیں، جبکہ الیکٹرک رکشے کی صورت میں یہ اخراجات کم ہوکر تقریباً 10 ہزار روپے یا اس سے بھی کم رہنے کی توقع ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکٹرک رکشوں کے استعمال سے ڈرائیوروں کو پیٹرول یا سی این جی پر بھاری اخراجات برداشت نہیں کرنا پڑیں گے، جس سے ان کی ماہانہ بچت میں اضافہ اور معاشی حالت میں بہتری کے امکانات پیدا ہوں گے۔

مشیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ یہ منصوبہ پشاور میں ٹرانسپورٹ اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے اہم تبدیلی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ پائلٹ منصوبے کی کامیابی کے بعد اس کا دائرہ کار پورے صوبے تک بڑھایا جائے گا، تاکہ دیگر شہروں میں بھی ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ دیا جا سکے۔

آصف رفیق نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی، ماحولیاتی تحفظ اور جدید ٹرانسپورٹ نظام کے قیام کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔

………………………………………….

خیبرپختونخوا کے معدنی وسائل کی مقامی سطح پر پراسیسنگ کے لیے اقدامات، صنعتی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا چاہتے ہیں، ڈاکٹر سرفراز علی شاہ

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے معدنیات، کھیل و امور نوجوانان اور سیاحت و ثقافت ڈاکٹر سید سرفراز علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے کے معدنی وسائل کو خام حالت میں بیرونِ ملک بھیجنے کے بجائے مقامی سطح پر پراسیس کرنے کا نظام متعارف کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے، جس سے صنعتی ترقی، سرمایہ کاری اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔

ریڈیو پاکستان پشاور کے خصوصی پوڈکاسٹ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معدنیات کے شعبے میں بنیادی تبدیلی اور مقامی صنعتوں کے فروغ کے لیے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔ معدنی وسائل کی مقامی سطح پر پراسیسنگ سے نہ صرف صوبائی معیشت مضبوط ہوگی بلکہ مقامی آبادی، نوجوانوں اور صنعتوں کو بھی براہ راست اور بالواسطہ معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔

ڈاکٹر سرفراز علی شاہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل کے علاوہ سیاحت، کھیل، ثقافت اور آثارِ قدیمہ کے شعبوں میں بھی بے پناہ استعداد رکھتا ہے۔ حکومت ان شعبوں کی صلاحیتوں سے مؤثر انداز میں استفادہ کرتے ہوئے صوبے کو معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ سکیورٹی کے مسائل سے متاثرہ اضلاع اور پُرامن سیاحتی علاقوں کو ایک ہی نظر سے نہیں دیکھا جا سکتا۔ جہاں سکیورٹی چیلنجز موجود ہیں وہاں خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ سوات، دیر، چترال اور کاغان جیسے پُرامن علاقوں میں سیاحت، کھیلوں اور سرمایہ کاری کی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملکی سیاحوں، سرمایہ کاروں اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، کیونکہ مقامی سیاحت اور سرمایہ کاری کے فروغ سے صوبے میں معاشی سرگرمیوں کا ایک مؤثر سلسلہ شروع کیا جا سکتا ہے۔

مشیر معدنیات نے مزید کہا کہ پشاور کے ثقافتی ورثے، عجائب گھروں، موسیقی اور تاریخی مقامات کی بحالی پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں پشاور میوزیم کو دوبارہ فعال بنانے اور قصہ خوانی بازار و گھنٹہ گھر کے اطراف پیدل چلنے والوں کے لیے موزوں سیاحتی زون قائم کرنے کی تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے قدرتی و معدنی وسائل کو عوام کی خوشحالی، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور صوبے کی پائیدار معاشی ترقی کے لیے بروئے کار لانا حکومت کا بنیادی مقصد ہے۔