The Voice of Chitral since 2004
Sunday, 22 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

ہندوکش کے دامن سے: فتنے آسمان سے نہیں اترتے! ۔ تحریر: عبدالباقی

Chitral Times

ہندوکش کے دامن سے: فتنے آسمان سے نہیں اترتے! ۔ تحریر: عبدالباقی

ہندوکش کے دامن سے: فتنے آسمان سے نہیں اترتے! ۔ تحریر: عبدالباقی

ہندوکش کے دامن سے: فتنے آسمان سے نہیں اترتے! ۔ تحریر: عبدالباقی

۔

روایت ہے کہ چنگیز خان نیشاپور کو کھنڈرات میں تبدیل کرنے کے بعد اپنی فوج کے ہمراہ ہمدان (ایران) پہنچا تو وہاں کے لوگوں پر خوف و ہراس طاری ہوگیا۔ انہیں اپنی جانوں کا خطرہ لاحق ہوگیا۔ چنگیز خان نے حکم دیا کہ پورے شہر کے لوگوں کو ایک وسیع میدان میں جمع کیا جائے۔ جب تمام شہری میدان میں جمع ہوگئے تو چنگیز خان نے بلند آواز میں کہا:

’’ہمدان والو! میں نے تمہارے بارے میں سنا ہے کہ تم بہت عقل مند اور سمجھ دار لوگ ہو۔ میں تم سے ایک سوال کروں گا۔ اگر تم نے درست جواب دیا تو تمہیں امان دی جائے گی، لیکن اگر جواب غلط ہوا تو یہ میدان تم سب کا قبرستان بن جائے گا۔ تمہاری قسمت کا فیصلہ اسی وقت اور اسی جگہ ہوگا۔‘‘

چنگیز خان نے مجمع پر ایک نظر ڈالی اور گرج دار آواز میں سوال کیا:

’’کیا میں خدا کی طرف سے آیا ہوں یا اپنی مرضی سے؟‘‘

کسی میں اس سوال کا جواب دینے کی ہمت نہ تھی۔ سب سر جھکائے خوف سے کانپ رہے تھے۔ علماء، دانشور، بزرگ اور نوجوان سب پر لرزہ طاری تھا۔ یہ سوال پورے شہر کی زندگی اور موت کا سوال بن چکا تھا۔

کافی دیر کی خاموشی کے بعد مجمع میں سے ایک چرواہا اٹھا اور آگے بڑھ کر بے خوفی سے چنگیز خان کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بولا:

’’نہ تم خدا کی طرف سے آئے ہو اور نہ ہی اپنی مرضی سے۔ تمہیں ہمارے برے اعمال نے یہاں آنے کی دعوت دی ہے۔‘‘

چرواہے نے مزید کہا:

’’اے چنگیز خان! جب ہم نے انصاف کا دامن چھوڑ دیا، ہمارے حکمران عیش و عشرت میں ڈوب گئے اور ہم خاموش تماشائی بنے رہے۔ ہم نے صاحبِ بصیرت لوگوں کو نظر انداز کرکے جاہلوں اور خوشامدیوں کو عزت، طاقت اور قیادت سونپ دی تو اللہ نے تم جیسے ظالم کو ہم پر مسلط کردیا۔ تم ہمارے گناہوں کی سزا بن کر آئے ہو۔‘‘

یہ سن کر پورے مجمع پر سناٹا چھا گیا۔ چنگیز خان کا ہاتھ تلوار پر رک گیا۔ وہ دیر تک چرواہے کو دیکھتا رہا، پھر اپنی تلوار میان میں ڈالتے ہوئے کہا:

’’اے ہمدان والو! تمہارے اس چرواہے نے سچ کہا ہے، اس لیے میں تمہیں امان دیتا ہوں۔‘‘

اس کے بعد چنگیز خان نے اپنی فوج کو آگے بڑھنے کا حکم دیا۔

یہ واقعہ ایک گہرا سبق دیتا ہے کہ فتنے آسمان سے نہیں اترتے، بلکہ اکثر قوموں کے غلط فیصلوں، اجتماعی کوتاہیوں اور بداعمالیوں کا نتیجہ ہوتے ہیں۔ غلط قیادت منتخب کرنے کی قیمت پوری قوم کو برسوں تک چکانا پڑتی ہے۔

ہمدان کا وہ چرواہا پڑھا لکھا نہیں تھا۔ اس کے پاس نہ کوئی ڈگری تھی اور نہ ہی کوئی بڑا عہدہ، لیکن اس کے پاس ایک ایسی خوبی تھی جو پورے مجمع میں کسی اور کے پاس نہیں تھی، اور وہ تھی سچ بولنے کی ہمت۔ بڑے بڑے علماء اور دانشور اس وقت خاموش تھے، کیونکہ انہیں اپنی جان عزیز تھی، لیکن اس چرواہے نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر حقیقت بیان کردی۔

آج ہماری حالت بھی کسی حد تک ہمدان والوں جیسی ہے۔ ہم نے عقل و دانش رکھنے والوں کو پیچھے دھکیل دیا ہے اور خوشامدیوں کو آگے کردیا ہے۔ اہل لوگوں کو گھروں میں بٹھا دیا ہے اور نااہل افراد کو اقتدار کی کرسیوں پر بٹھا دیا ہے۔ پھر ہم شکایت کرتے ہیں کہ ظالم اور نااہل لوگ ہم پر کیوں مسلط ہیں؟ حقیقت یہ ہے کہ ایسے حالات پیدا کرنے میں ہماری اپنی اجتماعی کوتاہیوں کا بھی حصہ ہوتا ہے۔

جب تک ہم اس چرواہے کی طرح اپنے اندر سچ بولنے کی ہمت پیدا نہیں کریں گے اور اچھے برے، اہل و نااہل کے درمیان فرق نہیں کریں گے، تب تک حالات کی بہتری کی امید رکھنا مشکل ہوگا۔

ہمدان والوں کی سب سے بڑی غلطی یہ تھی کہ وہ جانتے تھے کہ کون اہل ہے اور کون نااہل، لیکن اس کے باوجود انہوں نے خوشامدیوں کو اپنے سروں پر بٹھائے رکھا۔ آج ہم بھی یہی کچھ کررہے ہیں۔

ہم گاؤں کے ہوں یا شہر کے، اکثر جانتے ہیں کہ فلاں شخص چور ہے، فلاں جھوٹا ہے، فلاں ابن الوقت اور مفاد پرست ہے، لیکن اس کے باوجود ہم اس کے نعرے لگاتے ہیں اور اس کے پیچھے چلتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہمیں سچ کڑوا اور خوشامد میٹھی لگتی ہے۔

جب کسی قوم کو خوشامد کی عادت پڑ جائے تو اسے کڑوا سچ بولنے والا چرواہا بھی برا لگنے لگتا ہے۔ جب بھیڑیں خود بھیڑیے کو اپنا رکھوالا مقرر کرلیں تو پھر شکایت کس سے کریں؟

ہم نے اپنے رکھوالے خود منتخب کیے، ہم نے ووٹ دیا، ہم نے حمایت کی اور ہم نے خاموشی اختیار کی۔ اب جب وہی رکھوالے ہمارا خون چوس رہے ہیں تو شکوہ اور شکایت کس سے کریں؟ ہمیں دوسروں کو موردِ الزام ٹھہرانے سے پہلے اپنا محاسبہ کرنا چاہیے۔

چنگیز خان نے تو ہمدان والوں کو معاف کردیا، لیکن تاریخ ان قوموں کی غلطیوں کو معاف نہیں کرتی جو بار بار ایک ہی غلطی دہراتی ہیں۔

جس دن اس ملک کا ہر چرواہا سچ بولنے کی ہمت پیدا کرلے گا، جس دن قوم اہل اور نااہل میں فرق کرنا سیکھ لے گی، اس دن کسی چنگیز خان کو ہمارے شہروں میں قدم جمانے کا موقع نہیں ملے گا۔

کیونکہ قوموں کی تقدیر بدلنے کے لیے سب سے پہلے انہیں اپنی غلطیوں کا اعتراف کرنا پڑتا ہے۔