خیبرپختونخوا کے سرکاری اسکولوں میں 59 لاکھ 60 ہزار طلبہ زیرِ تعلیم، اساتذہ کی 44 ہزار 747 آسامیاں خالی، تعلیمی اصلاحات کے لیے 5 ارب 37 کروڑ روپے مختص
.
پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت گورنر ہاؤس پشاور میں محکمہ تعلیم کی کارکردگی اور صوبے کے تعلیمی نظام کی صورتحال سے متعلق خصوصی بریفنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبائی مشیر برائے تعلیم ڈاکٹر سید عامر عبداللہ، دیگر مشیران، مختلف محکموں کے سیکرٹریز، اعلیٰ حکام اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر مشیر تعلیم ڈاکٹر سید عامر عبداللہ نے صوبے کے تعلیمی نظام کی موجودہ صورتحال، اصلاحاتی اقدامات، انتظامی امور اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے بعد سوال و جواب کی نشست بھی ہوئی، جس میں انہوں نے شرکاء کے سوالات کے جوابات دیے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومت سرکاری تعلیمی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے، اچھی حکمرانی، ادارہ جاتی فعالیت اور معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے جامع اصلاحاتی اقدامات کر رہی ہے۔ محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم اور محکمہ اعلیٰ تعلیم میں انتظامی اصلاحات، مالی نظم و ضبط اور ڈیجیٹلائزیشن کو خصوصی ترجیح دی جا رہی ہے۔
شرکاء کو بتایا گیا کہ صوبے کے 34 ہزار 848 سرکاری اسکولوں میں 59 لاکھ 60 ہزار طلبہ زیرِ تعلیم ہیں، جبکہ ایک لاکھ 87 ہزار 159 اساتذہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔ تاہم سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی 44 ہزار 747 آسامیاں خالی ہیں، جن میں ضم شدہ اضلاع کی 8 ہزار 837 آسامیاں بھی شامل ہیں۔
اساتذہ کی منصفانہ تقسیم اور میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے ای ٹرانسفر پالیسی پر نظرثانی کی گئی ہے، جبکہ اساتذہ کی دستیابی اور ضروریات کے مطابق عملے کی فہرستیں مرتب کرکے متعلقہ حکام کو فراہم کی گئی ہیں۔ اس ضمن میں ایک ہزار 185 تبادلے کی درخواستیں بھی شیئر کی گئی ہیں۔
تعلیمی معیار اور جوابدہی بہتر بنانے کے لیے اساتذہ کی تربیت اور پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف پروفیشنل ڈویلپمنٹ کا 100 روزہ تربیتی منصوبہ منظور کیا گیا ہے، جبکہ تربیتی سرگرمیوں میں اساتذہ کی حاضری کی نگرانی ای ایم آئی ایس کے ذریعے حقیقی وقت کی بنیاد پر کی جا رہی ہے۔
ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور مالی نظم و ضبط یقینی بنانے کے لیے 100 اور 180 روزہ ایکشن پلان مرتب کیے گئے ہیں، جن کے تحت ترقیاتی ترجیحات کے تعین، وسائل کے مؤثر استعمال اور جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل پر توجہ دی جا رہی ہے۔
غیر فعال اسکولوں کی بحالی اور تعلیمی سہولیات بہتر بنانے کے لیے اسکولوں کی ریشنلائزیشن پر کام جاری ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں ایک ہزار 500 اسکولوں کو نجی شعبے کے ذریعے چلانے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔
تعلیم سے محروم بچوں کو اسکولوں میں داخل کرانے کے لیے 12 ہنگامی اضلاع میں خصوصی داخلہ مہم شروع کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے سروے ٹولز، ہیٹ میپس اور ڈیٹا شیئرنگ کے ذریعے بچوں کی نشاندہی اور داخلوں میں اضافے پر کام جاری ہے۔ متعلقہ اداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں اور نادرا کے ساتھ ڈیٹا روابط کے قیام کے لیے بھی پیش رفت کی جا رہی ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے 12 ہنگامی اضلاع کے اسکولوں میں فوری اقدامات کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، جبکہ غیر محفوظ اسکولوں کی عمارتوں سے متعلق مسائل بھی متعلقہ حکام کے نوٹس میں لائے گئے ہیں۔
100 روزہ تعلیمی منصوبے کے تحت 46 منصوبوں کے لیے ایک ارب 22 کروڑ روپے، جبکہ 180 روزہ منصوبے کے تحت 32 منصوبوں کے لیے 4 ارب 15 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس طرح مجموعی طور پر 78 منصوبوں کے لیے 5 ارب 37 کروڑ روپے کا بجٹ رکھا گیا ہے۔
ان منصوبوں میں 424 اسکولوں کی سولرائزیشن، 15 مڈل و ہائی اسکولوں کو ماڈل اسکولوں میں تبدیل کرنا، آئی ٹی لیبارٹریز کا قیام اور طالبات کے اسکولوں کی اپ گریڈیشن شامل ہے۔ تعلیمی انٹرن شپ پروگرام کے تحت 500 انٹرنز متعارف کرانے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ خصوصی بچوں کی تعلیم کے لیے پاراچنار اور حیات آباد میں خصوصی اسکولوں کے قیام اور سہولیات کی فراہمی کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
180 روزہ منصوبے میں ضم شدہ اضلاع میں اساتذہ کی تربیت، فنی و ڈیجیٹل مہارتوں کا فروغ، ڈوگر میں ای اسکل ہب، درازندہ میں فنی تربیتی کورسز اور یوتھ ہبز کا قیام، سرکاری کالج سام کی اپ گریڈیشن اور مختلف اضلاع میں اسکولوں اور آڈیٹوریمز کی بہتری کے منصوبے شامل ہیں۔
تعلیمی اداروں میں ڈیجیٹل سہولیات کے فروغ کے لیے 331 آئی ٹی لیبارٹریوں والے اسکولوں کو جی وی ایس سے منسلک کرنے کا منصوبہ بھی بریفنگ کا حصہ تھا، جبکہ 500 سرکاری اسکولوں میں ڈیجیٹل کلاس رومز کے قیام کے لیے دوبارہ ٹینڈرنگ کا عمل شروع کیا گیا ہے۔
اعلیٰ تعلیم کے شعبے سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے کی 34 سرکاری جامعات و اداروں میں ایک لاکھ 60 ہزار 587 طلبہ، جبکہ 388 سرکاری کالجوں میں 2 لاکھ 80 ہزار 777 طلبہ زیرِ تعلیم ہیں۔
جامعات کی مالیاتی صورتحال بہتر بنانے اور انتظامی شفافیت یقینی بنانے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا ہے، جو جامعات کے مالی خسارے، انتظامی امور اور وسائل کے مؤثر استعمال کا جائزہ لے رہا ہے۔ بتایا گیا کہ صوبے کی 34 سرکاری جامعات میں سے 26 مالی خسارے کا شکار ہیں، جبکہ 14 جامعات کا مجموعی مالی خسارہ 5 ارب 60 کروڑ روپے ہے۔ جامعات کے مالی استحکام کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن سے 18 ارب روپے کی معاونت فراہم کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔
سرکاری کالجوں میں اساتذہ اور دیگر فیکلٹی کی بھرتیوں کے نظام کو ڈیجیٹلائز کیا گیا ہے، جبکہ وظائف کے لیے ڈیجیٹل پورٹل کی تیاری اور لائبریری وسائل کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل بھی جاری ہے۔ طلبہ کی سہولت کے لیے چھ سرکاری کالجوں کی لائبریریاں رات 8 بجے تک کھلی رہتی ہیں، جبکہ سرکاری عوامی لائبریریوں کے اوقات بڑھا کر رات 12 بجے تک کر دیے گئے ہیں۔
جامعات اور صنعت کے درمیان روابط مضبوط بنانے، تحقیق کو صنعتی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے اور طلبہ کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن (ORICs) اور سرحد چیمبر آف کامرس کے درمیان رابطہ کاری شروع کی گئی ہے۔
جامعات میں تعلیمی معیار اور تحقیقی سرگرمیوں کی صورتحال سے متعلق بتایا گیا کہ صوبے کی سرکاری جامعات کے 240 شعبہ جات میں طلبہ کی تعداد 100 سے کم ہے، جبکہ 208 شعبہ جات میں گزشتہ تین سال کے دوران کوئی تحقیقی اشاعت سامنے نہیں آئی۔ اس حوالے سے جامعہ پشاور میں وائس چانسلرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس کی سفارشات پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔
اعلیٰ تعلیم کے 100 اور 180 روزہ منصوبوں کے تحت مجموعی طور پر ایک ارب 7 کروڑ 60 لاکھ روپے مالیت کے اقدامات ترتیب دیے گئے ہیں۔ ان میں طالبات کی تعلیم تک رسائی، نوجوانوں میں شہری شعور کا فروغ، ادبی سرگرمیوں کا انعقاد، 124 سرکاری کالجوں کو جدید مشینری، کمپیوٹرز اور لیبارٹری آلات کی فراہمی اور 40 یونیورسٹی ہاسٹلز کی بہتری شامل ہے۔
وزیراعظم کے خصوصی منصوبوں کے تحت تعلیم، آئی ٹی اور مہارتوں کی ترقی کے 11 منصوبوں کے لیے 16 ارب 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں میں سات دانش اسکولوں کا قیام، چار اضلاع میں ڈیجیٹل لائبریریاں، ڈی آئی خان میں آئی ٹی پارک کی اپ گریڈیشن اور نوجوانوں کی فنی و ڈیجیٹل تربیت شامل ہے۔
اس کے علاوہ زرعی شعبے میں چین میں 100 وظائف، دو ہزار طلبہ کے لیے آئی ٹی و فنی تربیت اور 300 افراد کے لیے بیرونِ ملک تربیت اور روزگار کے مواقع بھی ان منصوبوں کا حصہ ہیں۔
بریفنگ کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تعلیمی اداروں میں شفافیت، میرٹ، جوابدہی اور انتظامی کارکردگی یقینی بنانے، وسائل کے مؤثر استعمال، اسکولوں اور جامعات کے نظام کو مضبوط بنانے اور طلبہ کو معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اصلاحاتی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔