The Voice of Chitral since 2004
Wednesday, 18 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

غرور، انا اور غیرت – تحریر صوفی محمد اسلم

Chitral Times

غرور، انا اور غیرت – تحریر صوفی محمد اسلم

غرور، انا اور غیرت – تحریر صوفی محمد اسلم

غرور، انا اور غیرت – تحریر صوفی محمد اسلم

.
انسان کی تخلیق سے لے کر آج تک کی تاریخ کا مطالعہ کیا جائے تو ایک حقیقت بار بار سامنے آتی ہے کہ انسانوں کے درمیان پیدا ہونے والے بیشتر تنازعات کی جڑ کہیں نہ کہیں اس کا غرور، انا اور غیرت رہی ہے۔ ظاہر ہے کہ یہ تینوں انسانی شخصیت کے نمایاں و مختلف پہلو ہیں لیکن جب یہ اعتدال سے تجاوز کر جائے تو انسان کو ایسے راستے پر لے جاتے ہیں جہاں عقل، برداشت اور انسانیت پس منظر میں چلے جاتے ہیں۔

انسان فطری طور پر اپنی ذات، عزت، شناخت اور حیثیت کے تحفظ کا خواہش مند ہوتا ہے۔ وہ اپنی ذات کو اہم سمجھتا ہے، اپنی بات کو درست ثابت کرنا چاہتا ہے اور اپنے وقار پر کسی قسم کی ضرب برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں ہوتا۔ یہی وجہ ہے کہ جب کوئی شخص اس کے غرور، انا یا غیرت کو چیلنج کرتا ہے تو وہ خاموش رہنے کے بجائے ردعمل کرتا ہے۔ اس ردعمل کی نوعیت اور شدت کا انحصار اس کی ذہنی و جسمانی استعداد، معاشرتی حیثیت، وسائل اور اختیار پر ہوتا ہے۔ کوئی زبان سے جواب دیتا ہے، کوئی ہاتھ اٹھاتا ہے، کوئی تعلق ختم کرکے ردعمل دیتا ہے اور کوئی اپنی طاقت کے ذریعے مخالف کو زیر کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

تاریخ کے اوراق پلٹ کر دیکھیں تو انفرادی انا سے لے کر بادشاہوں کے غرور تک، خاندانی غیرت سے لے کر قبائلی دشمنی تک اور قومی وقار سے لے کر عالمی جنگوں تک، ان جذبات کے اثرات نمایاں نظر آتے ہیں۔ کئی مرتبہ جنگوں کے پس منظر میں زمین، وسائل اور سیاسی مفادات ہوتے ہیں لیکن ان تنازعات کو طول دینے اور انہیں مزید شدید بنانے میں حکمرانوں کی انا، قومی وقار کا تصور اور شکست تسلیم نہ کرنے کی نفسیات بھی اپنا کردار ادا کرتی ہے۔

یہی نفسیات قومی پرستی کو ہوا دینے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ جب کسی قوم کو یہ باور کرایا جاتا ہے کہ اس کی شناخت، زبان، ثقافت، تاریخ یا عزت دوسری قوموں سے برتر ہے تو اجتماعی غرور جنم لینے لگتا ہے۔ پھر معمولی اختلاف بھی قومی غیرت کا مسئلہ بن جاتا ہے۔ اپنی قوم پر تنقید کو دشمنی سمجھا جاتا ہے اور دوسری قوموں کی کامیابی کو اپنی توہین تصور کیا جانے لگتا ہے۔ یوں قوموں کے درمیان مقابلے کی مثبت سوچ رفتہ رفتہ تعصب، نفرت اور دشمنی میں تبدیل ہو سکتی ہے۔

قومی شناخت، اپنی زبان، ثقافت اور وطن سے محبت بذات خود کوئی منفی چیز نہیں۔ مسئلہ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب کامیابی کو برتری کے احساس میں، شناخت کو تعصب میں اور غیرت کو دوسروں کی تذلیل کا جواز بنا دیا جائے۔ اپنی قوم سے محبت کا مطلب دوسری قوم سے نفرت کرنا نہیں ہونا چاہیے۔

چترال میں قومی یونینز ترتیب دینے کا جو سلسلہ جاری ہے، اس میں کہیں بھی قومی اقدار، روایات یا ثقافتی ورثے کے تحفظ کی جھلک نظر نہیں آتی ہے بلکہ بظاہر یہ سب کچھ غرور، انا اور غیرت کے تحفظ کی کوشش محسوس ہوتی ہے۔ خدشہ ہے کہ اس طرز عمل سے قومی اتحاد اور باہمی ہم آہنگی کے بجائے نئے تنازعات جنم لیں گے۔

اصل سوال یہ ہے کہ کیا انسان اپنے غرور، انا اور غیرت کو عقل و شعور کے تابع رکھ سکتا ہے؟ کیا وہ اپنی غلطی تسلیم کرنے، اختلاف برداشت کرنے اور اپنی ذات سے بالاتر ہو کر سوچنے کی صلاحیت پیدا کر سکتا ہے؟ اگر ایسا ممکن ہو تو شاید بہت سے ایسے تنازعات، جنہیں نسلوں تک دشمنی کی صورت میں منتقل کیا جاتا ہے، ابتدا ہی میں ختم ہو سکتے ہیں۔

میرے خیال میں انسان کی حقیقی عظمت اس بات میں نہیں کہ وہ اپنی انا کے لیے کس حد تک جا سکتا ہے بلکہ اس میں ہے کہ وہ اپنی انا کو کب اور کہاں قربان کرنے کا حوصلہ رکھتا ہے کیونکہ دوسروں کو شکست دینا طاقت ہو سکتی ہے لیکن اپنے غرور پر قابو پانا شعور اور کردار کی علامت ہے۔

آخرکار، انسانیت کی بقا اس میں نہیں کہ ہر شخص اپنی غیرت، انا اور غرور کی جنگ جیتے بلکہ اس میں ہے کہ انسان ان جذبات سے بلند ہو کر دوسرے انسان کو بھی اپنے برابر کا وجود تسلیم کرے، سب کو عزت کی نگاہ سے دیکھے۔
شکریہ