اپرچترال: بونی بوزند روڈ پر اسفالٹ بچھانے کا کام دوبارہ شروع، ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے باقاعدہ افتتاح کر دیا، سوروحت پل کی مرمت اور اوورلوڈ گاڑیوں کی آمدورفت روکنے کی بھی ہدایت
.
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ڈپٹی کمشنر اپر چترال ارشد خان نے بونی بوزند روڈ پر اسفالٹ بچھانے کے کام کا باقاعدہ افتتاح کر دیا، جس کے ساتھ ہی مذکورہ سڑک پر اسفالٹ کا کام دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اپر چترال، ڈسٹرکٹ پلاننگ آفیسر، سب ڈویژنل آفیسر محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو)، پلاننگ آفیسر، علاقے کے معتبرات، ٹی ٹی آر ایف (TTRF) کے ممبران اور بڑی تعداد میں مقامی افراد موجود تھے۔
اس موقع پر اہالیانِ تورکہو نے ڈپٹی کمشنر کو علاقے کے مختلف مسائل سے آگاہ کیا اور ان کی جانب سے علاقے کا دورہ کرنے اور بونی بوزند روڈ پر اسفالٹ کے کام کے دوبارہ آغاز کو خوش آئند قرار دیا۔
ڈپٹی کمشنر ارشد خان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ عوامی مسائل کو سنجیدگی سے لینا اور ان کے حل کو یقینی بنانا انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سڑک سے متعلق دیگر مسائل بھی متعلقہ محکموں کے تعاون سے حل کیے جائیں گے۔
اس موقع پر مقامی افراد نے سوروحت پل کی خستہ حالی کا مسئلہ بھی اٹھایا، جس پر ڈپٹی کمشنر نے موقع پر پل کا معائنہ کیا اور متعلقہ سب ڈویژنل آفیسر محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کو اس کی ضروری مرمت فوری طور پر یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے پل سے اوورلوڈ گاڑیوں کی آمدورفت روکنے کے لیے بھی خصوصی احکامات جاری کیے۔ انہوں نے متعلقہ افسر کو ہدایت کی کہ پل پر روڈ قلی کی ڈیوٹی لگائی جائے تاکہ بھاری اور اوورلوڈ گاڑیوں کی آمدورفت کی مؤثر نگرانی کی جا سکے اور خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے مزید کہا کہ وہ دوبارہ علاقے کا دورہ کریں گے اور عوام کو درپیش دیگر مسائل کے حل کے لیے بھی عملی اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔
