The Voice of Chitral since 2004
Monday, 16 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

چترال مستوج روڈ : کوراغ سلائیڈنگ پوائنٹ پر حفاظتی دیوار کی تعمیر اور سڑک کی توسیع کا فیصلہ 

Chitral Times

چترال مستوج روڈ : کوراغ سلائیڈنگ پوائنٹ پر حفاظتی دیوار کی تعمیر اور سڑک کی توسیع کا فیصلہ 

چترال مستوج روڈ : کوراغ سلائیڈنگ پوائنٹ پر حفاظتی دیوار کی تعمیر اور سڑک کی توسیع کا فیصلہ 

چترال مستوج روڈ : کوراغ سلائیڈنگ پوائنٹ پر حفاظتی دیوار کی تعمیر اور سڑک کی توسیع کا فیصلہ

۔

اپر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) چترال بونی مستوج روڈ پر  کوراغ کے مقام پر سلائیڈنگ پوائنٹ پر سڑک کو کشادہ کرنے اور سلائیڈنگ کے خطرات سے محفوظ بنانے کے لیے حفاظتی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت فنڈز کی فراہمی سے مشروط آئندہ ہفتے حفاظتی دیوار کی تعمیر یا بھرائی (فِلنگ) کا کام شروع کیا جائے گا۔

ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ڈپٹی کمشنر اپر چترال ارشد خان کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر سلطان نورالدین احمر نے پراجیکٹ ڈائریکٹر نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA)، متعلقہ ٹھیکیدار اور نیسپاک (NESPAK) کے نمائندے کے ہمراہ کوراغ سلائیڈنگ پوائنٹ کا دورہ کیا اور وہاں درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا۔

دورے کے دوران سلائیڈنگ کے ممکنہ خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے سڑک کی دریا کی جانب حفاظتی دیوار (Retaining Wall) تعمیر کرنے یا بھرائی کے ذریعے سڑک کو مزید کشادہ اور محفوظ بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر این ایچ اے حکام کو تعمیراتی کام کی رفتار تیز کرنے اور منصوبے کے لیے فراہم کردہ تعمیراتی مواد کو غیر متعلقہ مقاصد کے لیے فروخت کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

اس موقع پر سلائیڈنگ سے متاثرہ مقام کا تفصیلی معائنہ کیا گیا، جبکہ ڈرون کیمرے کے ذریعے اردگرد کے پہاڑی علاقے کا فضائی جائزہ بھی لیا گیا، تاکہ سلائیڈنگ کے خطرات اور سڑک کو درپیش ممکنہ مسائل کا بہتر انداز میں تعین کیا جا سکے۔

معائنے کے بعد پراجیکٹ ڈائریکٹر این ایچ اے نے یقین دہانی کرائی کہ فنڈز کی دستیابی سے مشروط حفاظتی دیوار کی تعمیر یا بھرائی کا کام آئندہ ہفتے شروع کر دیا جائے گا۔ ضرورت پڑنے پر بلاسٹنگ کے ذریعے بھی پہاڑی سلائیڈنگ کے خطرات کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر کے مطابق متعلقہ ٹھیکیدار کو فنڈز کی فراہمی آئندہ پیر تک متوقع ہے، جس کے بعد موقع پر عملی کام شروع کرنے کی راہ ہموار ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ کوراغ سلائیڈنگ پوائنٹ پر سڑک کی تنگی اور پہاڑی تودے گرنے کے خدشات کے باعث مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔ حفاظتی دیوار کی تعمیر اور سڑک کی توسیع سے نہ صرف آمدورفت کو محفوظ بنانے میں مدد ملے گی بلکہ اس اہم شاہراہ پر سفر کرنے والوں کو درپیش مشکلات میں بھی کمی آنے کی توقع ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق گزشتہ دنوں ایک فیملی کی گاڑی عین سلائڈنگ کی مقام پر پھنس گئی جس میں خواتین بھی سوار تھے کہ اوپر سے اچانک پہاڑی پتھر گرنے لگے تاہم گاڑی میں سوار مسافر محفوظ رہے ، جبکہ گاڑی کو پتھر لگنے سے جذوی طور پر نقصان پہنچا ،

chitraltimes chitral mastuj road kuragh siliding 3

chitraltimes chitral mastuj road kuragh siliding 1

chitraltimes chitral booni mastuj road re open in kuragh after flood hit 6