پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود چترال میں ٹرانسپورٹ کرائے برقرار، عوام کا کرایوں میں کمی کا مطالبہ
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باوجود اپر اور لوئر چترال میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں تاحال کوئی نمایاں کمی نہیں کی گئی، جس کے باعث مسافروں کو بدستور مہنگے کرایوں کا سامنا ہے۔
چترال سے بونی، مستوج اور دیگر علاقوں کے درمیان چلنے والی گاڑیوں میں اب بھی وہی کرائے وصول کیے جا رہے ہیں جو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بلند ہونے کے وقت مقرر تھے۔ اسی طرح لوئر چترال کے مختلف علاقوں کوہ ایریا، گرم چشمہ ، دروش ، شیشی کوہ اور کالاش ویلیز کے عوام نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود کرایوں میں کمی نہ کرنا سراسر زیادتی ہے، لہذا ان پر فوری نظر ثانی کی جائے۔،
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ جب پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی ہو رہی ہے تو اس کے اثرات ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی نظر آنے چاہئیں، لیکن کرایوں میں کمی نہ ہونے کے باعث عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا حقیقی ریلیف نہیں مل رہا۔
عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی کمی یقینی بنائی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ مہنگائی سے پریشان عوام کو ریلیف مل سکے۔
عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اپر چترال سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ چترال، بونی، مستوج اور دیگر روٹس پر نافذ العمل کرایوں کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے نئے کرایہ نامے جاری کرکے ان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، تاکہ قیمتوں میں کمی کے ثمرات عام مسافروں تک بھی پہنچ سکیں۔