چترال بازار میں چربی پگھلا کرمضرِ صحت آئل تیار کرنے والے غیر قانونی یونٹ کے خلاف کارروائی، مالک گرفتار، یونٹ سیل
.
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) ڈپٹی کمشنر لوئر چترال احسان اللہ کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ نے چترال بازار میں مضرِ صحت آئل تیار کرنے والے غیر قانونی مینوفیکچرنگ یونٹ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے یونٹ کے مالک کو گرفتار کرلیا اور پیداواری مرکز کو سیل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر عدنان حیدر ملوکی نے انتظامی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے جانوروں کی چربی پگھلا کر آئل تیار کرنے والے مقامی یونٹ کا معائنہ کیا۔ کارروائی کے دوران یونٹ میں تیار کیا جانے والا تقریباً 150 کلوگرام مضرِ صحت گھی/آئل ضبط کرلیا گیا۔
انتظامیہ نے یونٹ کے مالک کو گرفتار کرکے متعلقہ احاطے کو بھی سیل کر دیا، جبکہ ضبط شدہ مواد کو تحویل میں لے لیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق انسانی صحت کے لیے نقصان دہ اشیائے خوردونوش تیار کرنے اور فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ عوام کو معیاری اور محفوظ اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بازاروں اور پیداواری یونٹس کی نگرانی کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

