The Voice of Chitral since 2004
Wednesday, 11 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں آئی ٹی پارکس قائم کیے جائیں، گورنر فیصل کریم کنڈی

Chitral Times

صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں آئی ٹی پارکس قائم کیے جائیں، گورنر فیصل کریم کنڈی

صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں آئی ٹی پارکس قائم کیے جائیں، گورنر فیصل کریم کنڈی

صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں آئی ٹی پارکس قائم کیے جائیں، گورنر فیصل کریم کنڈی

۔

پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں آئی ٹی پارکس قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری محکموں میں آن لائن ادائیگیوں کا مؤثر، شفاف اور مربوط نظام متعارف کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کیش لیس نظام کے فروغ سے عوام کو درپیش متعدد مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔

گورنر کی زیرِ صدارت خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی نثار احمد، منیجنگ ڈائریکٹر آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر عاکف خان سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران گورنر کو آئی ٹی بورڈ کی مجموعی کارکردگی، ڈیجیٹل خیبرپختونخوا پالیسی 2030، نوجوانوں کے لیے انٹرن شپ پروگرامز اور مختلف تربیتی اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو ڈیجیٹل گورننس، آئی ٹی پارکس، دستک ایپ، خیبر پاس، پامیر پیمنٹ گیٹ وے، آئی ٹی ٹریننگ اور ڈیجیٹل سروس ڈیلیوری سمیت مستقبل کے منصوبوں، ترجیحات اور اہداف سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں آئی ٹی پارکس قائم کیے جانے چاہئیں تاکہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل سہولیات تک رسائی حاصل ہو۔ انہوں نے سرکاری محکموں میں آن لائن ادائیگیوں کے شفاف اور مربوط نظام کے قیام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کیش لیس نظام کے فروغ سے نہ صرف عوامی سہولیات میں اضافہ ہوگا بلکہ سرکاری خدمات کی فراہمی بھی مزید مؤثر بنائی جا سکے گی۔

گورنر نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید آئی ٹی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا بھی ضروری ہے، تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے صوبے اور ملک کی ترقی میں کردار ادا کر سکیں۔

دریں اثنا گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے اسپارک آف ہوپ کی بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر نسرین امان نے ملاقات کی، جس میں صوبے بھر میں نوجوانوں کی ترقی اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گورنر کو بتایا گیا کہ اسپارک آف ہوپ 2018ء سے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں، بشمول پشاور، سوات، ایبٹ آباد اور چترال کی وادیوں میں خدمات انجام دے رہی ہے۔ ادارہ چائلڈ لیبر اور انتہائی غربت سے متاثرہ بچوں کی معاونت کے ساتھ ساتھ نوجوانوں اور خواتین کو ڈیجیٹل مہارتوں، شعبہ مہمان نوازی اور فیشن ڈیزائننگ سمیت مختلف شعبوں میں فنی تربیت فراہم کر رہا ہے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ تعلیم اور فنی تربیت کے شعبوں میں مشترکہ اقدامات کے لیے قابلِ عمل سفارشات مرتب کی جائیں، تاکہ نوجوانوں اور خواتین، بالخصوص پسماندہ اور محروم طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کو عملی مہارتوں کے حصول اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
گورنر نے نوجوانوں اور خواتین کی ترقی کے لیے نجی اداروں اور فلاحی تنظیموں کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے اس سلسلے میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس موقع پر اسپارک آف ہوپ کی ٹیم کے ارکان ثمینہ ویرانی اور مختار عالم بھی موجود تھے۔