The Voice of Chitral since 2004
Tuesday, 10 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

اخوند سالاک، خاندانی روایت اور تَسگِرّہ – تحریر و تحقیق: نجیم شاہ

Chitral Times

اخوند سالاک، خاندانی روایت اور تَسگِرّہ – تحریر و تحقیق: نجیم شاہ

اخوند سالاک، خاندانی روایت اور تَسگِرّہ – تحریر و تحقیق: نجیم شاہ

اخوند سالاک، خاندانی روایت اور تَسگِرّہ – تحریر و تحقیق: نجیم شاہ

.

تاریخ کے بعض مآخذ ایسے ہوتے ہیں جن کی اصل کتابیں وقت کے ساتھ گم ہو جاتی ہیں، مگر ان کے حوالے بعد کے مصنفین کی تحریروں میں محفوظ رہتے ہیں۔ تَس گِرّہ (Tasgirra) بھی غالباً ایسی ہی ایک تاریخی تصنیف تھی۔ اس کا اصل متن آج دستیاب نہیں، تاہم اُنیسویں صدی کے برطانوی مصنف ڈبلیو۔ ڈبلیو۔ میک نائر نے 1885ء کی اپنی ایک رپورٹ میں تَسگِرّہ کا ذکر کیا ہے۔ وہ لکھتے ہیں کہ یہ کتاب اخوند سالاک کے بیٹوں کی تصنیف تھی۔ یہی مختصر اطلاع اس گمشدہ کتاب کو تحقیق کیلئے اہم بنا دیتی ہے۔

مذکورہ رپورٹ میں تَسگِرّہ کو یوسف زئیوں کی تاریخ کے طور پر بیان کیا گیا ہے، تاہم اس حوالے کی اہمیت صرف کتاب کے موضوع تک محدود نہیں۔ اسکی مصنفیت بھی خاص توجہ کی حامل ہے، کیونکہ اس روایت کو اخوند سالاک کے صاحبزادوں سے منسوب کیا گیا ہے۔ اس نسبت سے یہ امکان سامنے آتا ہے کہ اخون سالاک کے خاندان میں اپنے عہد کے واقعات اور خاندانی روایات کو محفوظ رکھنے کا رجحان موجود تھا۔ اگر ایسا تھا تو تَسگِرّہ میں قبائلی حالات، علاقائی واقعات اور اس زمانے کی اہم شخصیات کے بارے میں مواد بھی شامل ہو سکتا تھا۔

تَسگِرّہ کا حوالہ دیر اور اسکے گردونواح کے حالات کے ضمن میں سامنے آتا ہے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ کتاب میں اس خطے کی سیاسی اور قبائلی صورتِ حال کا ذکر موجود رہا ہوگا۔ علاقوں کی فتح، مختلف قبائل کے باہمی تعلقات اور زمینوں کی تقسیم جیسے معاملات بھی اس روایت کا حصہ دکھائی دیتے ہیں۔ اِس لیے تَسگِرّہ کو محض ایک خاندانی تذکرۂ سمجھنا شاید مناسب نہ ہو۔ ممکن ہے کہ اس میں ان واقعات کی تفصیل بھی محفوظ ہو جنہوں نے اس خطے کے سیاسی اور سماجی حالات پر دیرپا اثرات مرتب کئے۔

اسی تاریخی بیان میں اخوند سالاک کا کردار بھی نمایاں طور پر سامنے آتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق فتوحات کے بعد جب مختلف قبائل کے درمیان نئی حاصل شدہ زمینوں کی تقسیم اور حدود کے حوالے سے اختلافات پیدا ہوئے تو اخوند سالاک نے ان معاملات میں ثالثی کی۔ اس بیان سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ مذہبی حیثیت کے ساتھ ساتھ قبائلی اور سماجی معاملات میں بھی اثر و رسوخ رکھتے تھے۔ تَسگِرّہ کے حوالے سے اُنکا ذکر اسی وسیع تر پس منظر میں اُنکی شخصیت اور خاندان کی اہمیت کو سمجھنے میں مدد دیتا ہے۔

تَسگِرّہ کا اخوند سالاک کے خاندان سے تعلق اس روایت کا ایک اہم پہلو ہے۔ اگر محفوظ تاریخی اطلاع کو بنیاد بنایا جائے تو کتاب ایسے افراد کے قلم سے وجود میں آئی جو خود اسی خاندان کا حصہ تھے۔ اس صورت میں یہ سوال بھی اہم ہو جاتا ہے کہ اس تصنیف میں اخوند سالاک کی زندگی، اُن کے عہد کے واقعات اور خاندان سے متعلق روایات کس انداز میں بیان کی گئی تھیں۔ چونکہ اصل متن ہمارے سامنے نہیں، اِس لیے ان سوالات کے حتمی جواب دینا ممکن نہیں۔ تاہم کتاب کی یہ نسبت مزید تاریخی تحقیق کیلئے ایک اہم سراغ ضرور فراہم کرتی ہے۔

تَسگِرّہ کا اصل نسخہ یا مکمل متن آج تک سامنے نہیں آیا۔ کتاب کے بارے میں بنیادی اطلاع اسی 1885ء کی رپورٹ سے ملتی ہے، اِس لیے اسکے ابواب، حجم، زبان اور سنِ تصنیف کے بارے میں حتمی رائے قائم کرنا مشکل ہے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ کتاب کا اصل نام ’’تذکرۂ‘‘ ہو، لیکن چونکہ میک نائر نے انگریزی میں اسے Tasgirra لکھا ہے، اِس لیے یہاں اسکی اردو املا ’’تَس گِرّہ‘‘ اختیار کیا گیا ہے۔ اصل عنوان کی حتمی صورت کے بارے میں فی الحال یقین سے کچھ کہنا ممکن نہیں۔

اگر تَسگِرّہ واقعی اخوند سالاک کے خاندان میں مرتب ہوئی تھی تو اس میں خاندانی یادداشت کے ساتھ مقامی روایات بھی محفوظ ہونیکا امکان ہے۔ ایسی روایات میں نسب، آبادکاری، زمینوں کی تقسیم، قبائلی حدود اور اہم شخصیات کے حالات جیسے موضوعات شامل ہوتے رہے ہیں۔ خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں تحریری ریکارڈ محدود تھا، خاندانوں کی محفوظ روایات تاریخی معلومات کا ایک اہم ذریعہ بن سکتی تھیں۔ اِسی لیے تَسگِرّہ کا حوالہ ایک ایسی گمشدہ روایت کی طرف اشارہ کرتا ہے جس کی اہمیت صرف ایک خاندان تک محدود نہیں ہو سکتی۔

تَسگِرّہ کی اصل اہمیت شاید اسی حقیقت میں پوشیدہ ہے کہ اسکا مکمل متن موجود نہ ہونے کے باوجود اسکا ایک حوالہ ایک صدی سے زیادہ پرانے ماخذ میں محفوظ ہے۔ اس مختصر حوالے کے ذریعے ایک کتاب، اس کے ممکنہ مرتبین اور اخوند سالاک کے خاندان کے تاریخی کردار کا سراغ ملتا ہے۔ اگر مستقبل میں اس کتاب کا کوئی نسخہ، اقتباس یا دُوسرا قدیم حوالہ دریافت ہو جائے تو اس خطے کی تاریخ کے کئی پہلوؤں پر نئی روشنی پڑ سکتی ہے۔ تاریخ کبھی کبھی مکمل کتابوں سے نہیں، ایک محفوظ جملے سے بھی اپنا دروازہ کھولتی ہے؛ تَسگِرّہ شاید ایسا ہی ایک دروازہ ہے۔