The Voice of Chitral since 2004
Wednesday, 11 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

یوم اقبال پر پشاور سے لاہور کے لیے ساؤتھ ایئرویز کی فضائی سروس کا آغاز، جلد چترال اور گلگت کے لیے بھی پروازیں شروع کرنے کا اعلان

Chitral Times

یوم اقبال پر پشاور سے لاہور کے لیے ساؤتھ ایئرویز کی فضائی سروس کا آغاز، جلد چترال اور گلگت کے لیے بھی پروازیں شروع کرنے کا اعلان

یوم اقبال پر پشاور سے لاہور کے لیے ساؤتھ ایئرویز کی فضائی سروس کا آغاز، جلد چترال اور گلگت کے لیے بھی پروازیں شروع کرنے کا اعلان

یوم اقبال پر پشاور سے لاہور کے لیے ساؤتھ ایئرویز کی فضائی سروس کا آغاز، جلد چترال اور گلگت کے لیے بھی پروازیں شروع کرنے کا اعلان

.

پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے یومِ اقبال کے موقع پر ساؤتھ ایئرویز کی پشاور سے لاہور کے لیے فضائی سروس کا باضابطہ افتتاح کردیا اور اعلان کیا ہے کہ بہت جلد چترال اور گلگت بلتستان کے لیے بھی فضائی سروس شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نئی فضائی سروس سے نہ صرف مسافروں کے قیمتی وقت کی بچت ہوگی بلکہ خیبرپختونخوا اور پنجاب کے درمیان عوامی، تجارتی اور باہمی روابط کو بھی فروغ ملے گا۔

افتتاحی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ساؤتھ ایئرویز نے یومِ اقبال کے موقع پر پشاور تا لاہور فضائی سروس کا آغاز کرکے ایک اہم سنگِ میل عبور کیا ہے۔ اس سے قبل کاروباری برادری اور عوام کی سفری سہولت کے لیے پشاور تا کوئٹہ پروازوں کا آغاز کیا گیا تھا، جبکہ اب لاہور کے لیے فضائی رابطہ بھی خوش آئند پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور سے لاہور بذریعہ سڑک سفر میں تقریباً چھ گھنٹے لگتے ہیں، تاہم فضائی سروس کے ذریعے مسافروں کا قیمتی وقت بچے گا اور انہیں بہتر سفری سہولت میسر آئے گی۔

گورنر نے کہا کہ صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کے لیے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کی جائیں اور خیبرپختونخوا میں فضائی رابطوں کو وسعت دی جائے۔ انہوں نے ساؤتھ ایئرویز کی انتظامیہ کو صوبائی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

گورنر فیصل کریم کنڈی ساؤتھ ایئرویز کی افتتاحی پرواز کے ذریعے لاہور پہنچے، جہاں پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے پرواز کے آغاز میں تعاون پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ محض ایک فضائی پرواز نہیں بلکہ دونوں صوبوں کے درمیان محبت، ہم آہنگی اور روابط کے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ دونوں صوبوں کے درمیان ماضی کی تلخیوں کو ختم کرکے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے لاہور آئے ہیں۔ نئی فضائی سروس سے پشاور اور لاہور کے عوام اور کاروباری حلقوں کو ایک دوسرے کے قریب آنے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے مثبت تجربات خیبرپختونخوا میں متعارف کرانے کی کوشش کی جائے گی۔ خیبرپختونخوا قدیم تہذیبوں کا امین ہے اور اس کی ثقافت، تاریخ اور سیاحتی مقامات کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ گورنر نے مریم اورنگزیب اور پنجاب کی قیادت کو پشاور آنے کی دعوت دینے کا بھی اعلان کیا تاکہ دونوں صوبوں کے درمیان تعاون اور روابط کو مزید فروغ دیا جاسکے۔

دریں اثنا، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے یومِ اقبال کے موقع پر لاہور میں شاعرِ مشرق اور مفکرِ پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے وزیٹرز بک میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے اور علامہ اقبال کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ بادشاہی مسجد لاہور کے خطیب اور چیئرمین مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد بھی اس موقع پر موجود تھے۔

chitraltimes governor kp inagurates south airways flights pesh to lhr 1