الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات مؤخر کر دیئے
.
اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ)الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے باعث بلدیاتی انتخابات مؤخر کر دیئے۔الیکشن کمیشن کے مطابق گورنر رول اور ایمرجنسی والے اضلاع کے علاوہ بلدیاتی الیکشن کے لیے اقدامات شروع کیے گئے تھے، وفاقی حکومت کی جانب سے 4 نومبر 2026 کو آرڈر نمبر 3 جاری کیا گیا۔بیان میں بتایا گیا کہ آج چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی صدارت میں اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی حکومت کے آرڈر نمبر 3 کا جائزہ لیا گیا، آرڈر کی شق نمبر 2 کے تحت آئین کے آرٹیکل 140-A کو معطل کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق آرٹیکل 140-A کی معطلی کا اطلاق دیگر تمام اضلاع پر بھی کر دیا گیا، آرٹیکل 140-A صوبوں میں مقامی حکومتوں کے قیام سے متعلق ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق آرٹیکل 140-A کی ذیلی شق 2 کے تحت بلدیاتی انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے، وفاقی حکم نامے کے باعث خیبر پختونخوا کے باقی اضلاع میں بھی بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں رہا۔خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے لیے اب تک کیے گئے تمام اقدامات تا حکم ثانی روک دیے گئے۔
.
یومِ اقبال کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری
.
اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ)یومِ اقبال کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔وفاقی حکومت نے یومِ اقبال کے موقع پر 9 نومبر کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔کابینہ ڈویڑن کی جانب سے 9 نومبر کو ملک بھر میں عام تعطیل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
.
لاہور فضائی آلودگی کے اعتبار سے دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست
.
لاہور(سی ایم لنکس) لاہور فضائی آلودگی کے اعتبار سے دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آگیا، شہر میں سموگ کی اوسط شرح 338 ریکارڈ کی گئی۔محکمہ ماحولیات کے مطابق فضائی آلودگی کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہوگئی، ایف سی کالج کے اطراف ایئر کوالٹی انڈیکس 508، پیراگون سوسائٹی میں 548 جبکہ ماڈل ٹاؤن کے علاقے میں 414 ریکارڈ کیا گیا۔ماہرین کی جانب سے بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کے پیش نظر شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز اور باہر نکلتے وقت ماسک پہننے کی ہدایت کی گئی ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 17 جبکہ زیادہ سے زیادہ 30 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔