پاکستان پوسٹ آفس میں مبینہ غیر قانونی بھرتیاں، نیب نے مولانا فضل الرحمٰن کے بیٹے اسعد محمود کو طلب کر لیا
.
راولپنڈی(چترال ٹائمزرپورٹ)جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے صاحبزادے اور سابق وفاقی وزیرِ مواصلات اسعد محمود کو مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے معاملے پر قومی احتساب بیورو (نیب) نے طلب کر لیا۔نیب راولپنڈی نے اسعد محمود کو 10 نومبر کو صبح 11 بجے پیش ہونے کا نوٹس جاری کر دیا۔نوٹس کے مطابق اسعد محمود کے دورِ وزارت (2022ء تا 2023ء) کے دوران پاکستان پوسٹ آفس میں ہونے والی مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات جاری ہیں۔نیب کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن نے پاکستان پوسٹ آفس میں 3 ہزار 938 اسامیوں پر بھرتیوں کی اجازت دی تھی، تاہم مبینہ طور پر 4 ہزار 252 افراد بھرتی کیے گئے۔نوٹس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ کابینہ کمیٹی کی ہدایات کے برخلاف 2 ہزار 646 ختم شدہ اسامیوں پر بھی بھرتیاں کی گئیں۔
نیب کے مطابق کنٹریکٹ بنیادوں پر ٹیسٹنگ ایجنسی کے ذریعے بھرتیوں کی سفارش کے باوجود مستقل تقرریاں کی گئیں۔نوٹس میں جعلی اور بوگس دستاویزات، زائد العمر امیدواروں کی بھرتیوں اور ڈومیسائل کوٹے کی خلاف ورزیوں کے الزامات بھی شامل ہیں۔نیب نے خبردار کیا ہے کہ طلبی کے نوٹس پر عمل نہ کرنے کی صورت میں قومی احتساب آرڈیننس 1999ء کی دفعہ 31 کے تحت قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔دوسری جانب وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے بھی اسعد محمود کو طلبی کا نوٹس جاری کیا تھا۔ایف آئی اے نے انہیں 2 نومبر کو صبح 11 بجے پاکستان پوسٹ آفس میں بھرتیوں سے متعلق مبینہ سنگین بے ضابطگیوں اور بدعنوانی کی تحقیقات کے سلسلے میں بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کیا تھا۔
۔
وزیراعظم آئی ٹی سرٹیفیکیشن ری ایمبرسمنٹ پروگرام کا اجرا، نوجوانوں کو 50 سے زائد عالمی سرٹیفیکیشنز پر 70 ہزار روپے تک فیس واپسی کی سہولت
اسلام آباد(سی ایم لنکس)وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے ماتحت ادارے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی)نے ملکی آئی ٹی گریجویٹس اور پیشہ ور افراد کے لیے ”وزیراعظم آئی ٹی سرٹیفیکیشن ری ایمبرسمنٹ پروگرام“ کا باضابطہ آغاز کر دیا جس کا بنیادی مقصد نوجوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنا ہے، اس فلاحی و ترقیاتی اقدام کے تحت امیزون ویب سروسز، مائیکروسافٹ اور گوگل سمیت 50 سے زائد عالمی معیار کی منظور شدہ آئی ٹی سرٹیفیکیشنز حاصل کرنے والے امیدواروں کو فی کس 70 ہزار روپے تک امتحانی فیس واپس کی جائے گی۔ترجمان بورڈ کی جانب سے جاری کردہ طریقہ کار کے مطابق خواہش مند امیدواروں کو سب سے پہلے(skills.techdestination.com) پورٹل پر جا کر اپنی پروفائل بنانا ہوگی اور منظور شدہ فہرست میں سے اپنی مطلوبہ سرٹیفیکیشن کا انتخاب کر کے درخواست جمع کرانی ہوگی۔
درخواست کے بعد امیدوار متعلقہ عالمی ادارے کے زیر اہتمام منعقدہ امتحان میں شرکت کریں گے اور اسے کامیابی سے پاس کرنے کے بعد اپنی آفیشل سند اور فیس کی ادائیگی کی رسید پورٹل پر اپ لوڈ کریں گے۔ پروگرام کی مجاز ٹیم کی جانب سے دستاویزات کی تصدیق مکمل ہونے کے بعد 70 ہزار روپے تک کی رقم امیدوار کے اکاؤنٹ میں منتقل کر دی جائے گی۔بورڈ کی جانب سے اس امر پر خصوصی زور دیا گیا ہے کہ امیدواروں کے لیے سرٹیفیکیشن امتحان دینے سے قبل پورٹل پر پیشگی درخواست دینا لازمی ہے۔ پی ایس ای بی کے مطابق یہ پروگرام نوجوانوں کو آئی ٹی کی بین الاقوامی منڈیوں میں مسابقتی برتری حاصل کرنے، ملکی فری لانسنگ اور سافٹ ویئر برآمدات کو وسعت دینے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ تمام اہل آئی ٹی گریجویٹس اور پروفیشنلز skills.techdestination.com پر فوری رجسٹریشن کروا کر اس قومی سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔