لوئر چترال ڈیجیٹل اسکولز پورٹل کا باضابطہ افتتاح، سرکاری تعلیمی نظام ڈیجیٹل دور میں داخل
طلبہ و اساتذہ کی حاضری، ہوم ورک، امتحانی نتائج اور اسکولوں کی کارکردگی کی نگرانی ایک مربوط آن لائن نظام کے ذریعے ممکن ہوگی
۔
لوئر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) ڈپٹی کمشنر لوئر چترال احسان اللہ کی خصوصی سرپرستی میں تیار کردہ لوئر چترال ڈیجیٹل اسکولز پورٹل (Lower Chitral Digital Schools – Unified District Education & Learning Management Portal) کا آج باضابطہ افتتاح کر دیا گیا۔ اس منصوبے کا مقصد ضلع کے تمام سرکاری اسکولوں کے تعلیمی اور انتظامی امور کو ایک مربوط ڈیجیٹل نظام کے تحت لانا اور تعلیمی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔
جاری پریس ریلیز کے مطابق اس ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر ضلعی انتظامیہ، محکمہ تعلیم کے افسران، اساتذہ اور والدین کے لیے چار علیحدہ پورٹلز متعارف کرائے گئے ہیں، جن میں متعلقہ اسکولوں اور طلبہ کا مستند ڈیٹا شامل کیا گیا ہے۔
اس نظام کے ذریعے اسکولوں کی مجموعی کارکردگی، طلبہ اور اساتذہ کی حاضری، ہوم ورک، امتحانی نتائج اور تعلیمی پیش رفت کی نگرانی ممکن ہوگی۔ اسی طرح اساتذہ کی تدریسی ذمہ داریوں، اسکولوں کے انتظامی امور اور پیرنٹ ٹیچر کونسلز (PTC) کے فنڈز کا ریکارڈ بھی ڈیجیٹل طور پر مرتب اور مانیٹر کیا جا سکے گا۔
پورٹل کے ذریعے والدین بھی اپنے بچوں کی حاضری، ہوم ورک اور امتحانی نتائج سے باخبر رہ سکیں گے، جس سے والدین اور تعلیمی اداروں کے درمیان رابطے کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔
ڈپٹی کمشنر احسان اللہ نے اس اقدام کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال تعلیمی نظام میں شفافیت، جوابدہی اور مؤثر نگرانی کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہے۔ اس منصوبے کا مقصد اسکولوں کی کارکردگی بہتر بنانا، بروقت معلومات کی دستیابی یقینی بنانا اور طلبہ کی تعلیمی پیش رفت کی مؤثر نگرانی کرنا ہے۔
یہ منصوبہ دفتری کاغذی کارروائی میں کمی، بہتر فیصلہ سازی اور ضلع کے سرکاری تعلیمی نظام کو ڈیجیٹل دور سے ہم آہنگ کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
