لوئر چترال میں غیر قانونی لائٹس کے خلاف ٹریفک پولیس کی خصوصی مہم جاری، درجنوں گاڑیوں سے لائٹس اُتار دیئے گئے
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) لوئر چترال میں ٹریفک پولیس نے موٹر سائیکلوں، رکشوں اور دیگر گاڑیوں میں نصب غیر قانونی لیزر لائٹس، تیز ایل ای ڈی اور فلیش لائٹس کے خلاف خصوصی مہم شروع کر رکھی ہے، جس کے دوران اب تک بڑی تعداد میں غیر قانونی لائٹس اتار دی گئی ہیں۔
ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ زاہد نواز اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال محمد خالد خان کی خصوصی ہدایات پر انچارج ٹریفک وارڈن پولیس ایس آئی جنگ باز خان کی نگرانی میں یہ کارروائیاں جاری ہیں۔
ٹریفک وارڈن پولیس کے مطابق گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں میں نصب تیز روشنی والی غیر قانونی لائٹس دیگر ڈرائیوروں اور سڑک استعمال کرنے والوں کے لیے مشکلات کا باعث بن سکتی ہیں، اس لیے ایسی لائٹس کے استعمال کی روک تھام کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اس سلسلے میں ٹریفک پولیس نے رکشہ ڈرائیوروں، دیگر گاڑیوں کے مالکان اور موٹر سائیکل سواروں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں سے ہر قسم کی غیر قانونی لیزر لائٹس، تیز ایل ای ڈی اور فلیش لائٹس فوری طور پر خود اتار دیں۔
پولیس حکام نے خبردار کیا ہے کہ ہدایات پر عمل نہ کرنے اور خلاف ورزی جاری رکھنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، جبکہ غیر قانونی لائٹس اتارنے کے ساتھ بھاری جرمانے بھی عائد کیے جا سکتے ہیں۔
ٹریفک پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور اپنی گاڑیوں میں ایسی لائٹس استعمال کرنے سے گریز کریں جو دوسرے ڈرائیوروں کی نظر متاثر کرنے یا سڑک پر حادثات کا خطرہ بڑھانے کا سبب بن سکتی ہیں۔