The Voice of Chitral since 2004
Monday, 26 October 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

وزیراعظم نے ملک بھر کے سرکاری سکولوں و مدارس کے پانچ لاکھ ہونہار طالب علموں کو کروم بکس کی فراہمی کا اجراء کر دیا، 

Chitral Times

وزیراعظم نے ملک بھر کے سرکاری سکولوں و مدارس کے پانچ لاکھ ہونہار طالب علموں کو کروم بکس کی فراہمی کا اجراء کر دیا، 

وزیراعظم نے ملک بھر کے سرکاری سکولوں و مدارس کے پانچ لاکھ ہونہار طالب علموں کو کروم بکس کی فراہمی کا اجراء کر دیا، 

وزیراعظم نے ملک بھر کے سرکاری سکولوں و مدارس کے پانچ لاکھ ہونہار طالب علموں کو کروم بکس کی فراہمی کا اجراء کر دیا،

۔

اسلام آباد (چترال ٹائمزرپورٹ)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک بھر کے سرکاری سکولوں اور مدارس کے پانچ لاکھ ہونہار طالب علموں کو کروم بکس کی فراہمی کا اجرا کرتے ہوئے کہا ہے کہ جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کر یہ طلباء و طالبات پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، قوم کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے جس قدر وسائل درکار ہوئے، وہ فراہم کریں گے، تعلیم ایک ایسی دولت ہے جسے چوری نہیں کیا جا سکتا، تعلیم انسان کو معاشرے میں ممتاز بناتی ہے، دو سال میں پانچ لاکھ طالب علموں تک یہ کروم بکس پہنچائیں گے۔

اتوارکو یہاں کنونشن سنٹر اسلام آباد میں ملک بھر کے سکولوں اور مدارس کے پانچ لاکھ ہونہار طلباء و طالبات کو کروم بکس اور انٹرنیٹ کی فراہمی کے اجراء کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تقریب میں غیرملکی مہمان بھی موجود ہیں جن کا خیرمقدم کرتے ہیں جو نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی اس تقریب میں شریک ہوئے۔ وزیراعظم نے کہاکہ صرف اور صرف قابلیت اور محنت کی بنیاد پر تعلیمی اداروں اور مدارس کے طلباء و طالبات میں یہ کروم بکس تقسیم کی جا رہی ہیں، اس کے ساتھ ساتھ انہیں کروم بکس اور کتابوں کیلئے بیگ اور انٹرنیٹ مائی فائی بھی دیا جا رہا ہے تاکہ گھر کے اندر بیٹھ کر بھی وہ ای لائبریری سے استفادہ حاصل کر سکیں اور دنیا سے جہاں چاہیں علم کے حصول کیلئے اس کروم بک کے ذریعے مستفید ہو سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ ان جدید آلات کی مدد سے یہ طالب علم ممتاز اور قابل ترین افراد میں شمار ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہاکہ ماضی میں مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں نواز شریف کی قیادت میں گلگت بلتستان، آزاد کشمیر سمیت ملک بھر کے چھ لاکھ نوجوانوں کو قابلیت اور میرٹ کی بنیاد لیپ ٹاپ دیئے گئے۔ وزیراعظم نے کہاکہ اس پروگرام سے مستحق اور یتیم بچے مستفید ہوئے کیونکہ ذہانت اور محنت کسی امارت یا غربت کی پابند نہیں ہونی چاہئے، اس کی بنیاد صرف اور صرف محنت ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں چھ لاکھ لیپ ٹاپ دس سال میں تقسیم کئے گئے، اب یہ کروم بکس ہونہار طالب علموں کو دو سال کے قلیل عرصہ میں فراہم کی جائیں گی، اس شاندار ڈیوائس کی بدولت یہ طلباء و طالبات دنیا میں قابلیت اور ذہانت میں کسی سے پیچھے نہیں ہوں گے۔

انہوں نے ٹوکیو کیئر فاؤنڈیشن کے بانی راشد منہاس اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان بچوں کیلئے یہ کروم بکس عطیہ کیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ ان عطیات سے ثابت ہوتا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کو جو دن رات محنت کر کے پاکستان کا نام بلند کرتے ہیں، انہیں اپنے بچوں کی قابلیت اور ذہانت کا احساس اور حکومت پاکستان پر اعتماد ہے جس پر میں ان کا مشکور ہوں۔ انہوں نے کہاکہ ابھی چند دن پہلے ہم نے اسلام آباد میں دانش سکول کا افتتاح کیا، ملک بھر میں اس وقت 27 دانش سکول زیرتعمیر ہیں، یہ سکول معیاری تعلیم کے حوالہ سے نمایاں مقام رکھیں گے، تدریس، اساتذہ کے حوالہ سے یہ ادارے ممتاز ہوں گے جہاں پر کلاس روم میں سمارٹ بورڈ اور سکولوں میں ای لائبریریز کی سہولت ہوگی، تعلیم کے ساتھ ساتھ انہیں غیر نصابی سرگرمیوں کیلئے کھیل کے میدانوں سمیت دیگر سہولیات میسر ہوں گے، یہاں پر بچوں کو مفت بہترین رہائش اور کھانا فراہم کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہاکہ کسی بھی حکومت کا یہ فرض ہے کہ وہ اس قوم کے بچوں کو عظیم شہری بنانے کیلئے ان کی معاونت کرے، اس مقصد کیلئے جتنے بھی وسائل درکار ہوئے، وہ بروئے کار لائیں گے۔ وزیراعظم نے کہاکہ سابق فاٹا سے تعلق رکھنے والے طالب علم سید شمس رضا نے یہاں اپنی روداد سنائی جس کے والد کو شہید کر دیاگیا تھا، شہداء کا اپنا مقام اور مرتبہ ہے، اس کا وعدہ قرآن کریم میں کیا گیا ہے، اس یتیم بچے کو حالات کے تھپیڑوں کی نظر کیا گیا، وہ کیسے اس کا مقابلہ کرتا لیکن اس کی ہمت، جستجو اور عزم دیکھ کر حوصلہ ہوا کہ وہ مشکل حالات کے باوجود محنت سے ایک قابل فخر پاکستانی بننا چاہتا ہے اور ملک و قوم کی خدمت کا جذبہ رکھتا ہے، اسی طرح گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی مدرسہ میں زیرتعلیم عالمہ مہک صابر نے پراعتماد انداز میں یہاں گفتگو کی۔ اس سے قبل ماضی میں لیپ ٹاپ سکیم کے تحت ہم نے مدارس کے بچوں کو بھی یہ سہولت دی تھی۔

وزیراعظم نے کہاکہ اب پانچ لاکھ بچوں کو میرٹ اور قابلیت کی بنیاد پر یہ جدید آلات دیئے جا رہے ہیں، یہ کروم بکس ان کیلئے باوقار روزگار کا وسیلہ بنیں گی، کووڈ کے زمانے میں ہم نے جن طالب علموں کو لیپ ٹاپ دیئے وہ ان کی تعلیم کیلئے کارآمد ثابت ہوئے اور وہ قابل ڈاکٹر، انجینئر اور پروفیشنل بنے کیونکہ تعلیم ایک ایسا زیور ہے جو معاشرے میں ممتاز بناتا ہے، یہ دولت چوری نہیں کی جا سکتی، دولت، امارت چھینی جا سکتی ہے تاہم قابلیت اور تعلیم کو کوئی چوری نہیں کر سکتا۔ اس موقع پر وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا یہ خواب رہا ہے کہ نوجوانوں کو عزت دی جائے، مستقبل کے معماروں کی حوصلہ افزائی کی جائے، ٹی ٹی کیئر کی جانب سے پانچ لاکھ کروم بکس کی فراہمی ڈیجیٹل سہولت کی جانب اہم قدم ہے، وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر اس کے ساتھ انٹرنیٹ کی سہولت بھی دی جا رہی ہے، ایک مائی فائی کنکشن سے پانچ مزید بچے فائدہ اٹھا سکیں گے، یوں کل 25 لاکھ بچے اس پروگرام سے فائدہ اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دانش سکولوں کے ذریعے مستحق طلباء کو تعلیم کے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان بدلتے تعلیمی تقاضوں کو مدنظر رکھ کر نوجوانوں کیلئے اقدامات اٹھا رہا ہے، گذشتہ ایک سال میں پاکستان نے کئی دہائیوں کو سفر طے کیا ہے، عالمی تنہائی سے نکل کر خطے میں ثالثی کے کردار تک پہنچا ہے، پاکستان کو عالمی برادری میں سراٹھا کر چلنے کیلئے تعلیم پر مزید سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔ ٹی ٹی کیئر فاؤنڈیشن کے چیئرمین راشد منہاس نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنی ترجیحات میں نمایاں مقام دینے پر وزیراعظم اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، ٹی ٹی کیئر فاؤنڈیشن نے سرکاری سکولوں اور مدارس کے طالب علموں کو کروم بکس کی فراہمی کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں، ہم انہیں ڈیجیٹل دنیا کے ساتھ کھڑا دیکھنا چاہتے ہیں۔

اس موقع پر کروم بکس حاصل کرنے والے طالب علموں سید شمس رضا اور مہک صابر نے وزیراعظم اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دینی مدارس کے طلباء و طالبات بھی بھرپور کردار کرنے کے خواہش مند ہیں، دینی مدارس کے طالب علموں کو کروم بکس کی فراہمی کی سکیم میں شامل کرنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ وزیراعظم دینی مدارس کے طالب علموں کے مستقبل کا ادراک رکھتے ہیں، دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ دنیاوی تعلیم بھی ضروری ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ہونہار طالب علموں میں کروم بکس بھی تقسیم کیں۔ تقریب کے دوران اسلام آباد کے چاق و چوبند دستے نے طالب علموں کو سلامی دی جبکہ ”پانچ لاکھ کروم بک، پانچ لاکھ خواب” کے نام سے تھیم سانگ بھی پیش کیا گیا۔

chitraltimes pm pak shehbaz sharif distributes notebook among govt schools students 1