وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت پشاور میں فیڈرل ایپکس کمیٹی کا اجلاس، خیبر پختونخوا میں امن و ترقی کے عزم کا اظہار
12 اضلاع میں ایمرجنسی کے نفاذ پر بریفنگ، شہداء کو خراجِ عقیدت؛ وفاقی حکومت اور عسکری قیادت مل کر عوامی مسائل حل کریں گے، وزیراعظم
.
پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت گورنر ہاؤس پشاور میں نیشنل ایکشن پلان کی فیڈرل ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اور اعلیٰ عسکری قیادت نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع میں ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ صوبے میں امن و امان کی بحالی اور درپیش مسائل کے حل کے لیے اقدامات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر خیبر پختونخوا میں امن کے قیام کے لیے قربانیاں دینے والے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی حکومت عسکری قیادت کے ساتھ مل کر خیبر پختونخوا کے عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن، خوشحالی اور ترقی کا دور واپس لانے اور عوام کی خوشحالی کے خوابوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا غیور اور بہادر لوگوں کا خوبصورت صوبہ ہے اور یہاں کے عوام امن، ترقی اور خوشحالی کے مستحق ہیں۔
اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے اور خیبر پختونخوا کے عوام امن چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج، فرنٹیئر کور اور پولیس نے صوبے میں امن قائم کرنے کے لیے قیمتی جانوں کی قربانیاں دی ہیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
گورنر نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پائیدار امن و استحکام کے لیے وفاقی حکومت کا تعاون ضروری ہے۔ اگر ملک کے تمام ادارے ایک صفحے پر ہوں تو امن اور ترقی کے عمل کو آگے بڑھنے سے نہیں روکا جا سکتا۔
فیصل کریم کنڈی کے مطابق صوبے سے دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور مالی معاونت کرنے والوں کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے مسائل کے حل کے لیے قابلِ عمل حکمتِ عملی وضع کرنا ضروری ہے تاکہ عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ انہیں ترقی کے عمل میں بھی شریک کیا جا سکے۔
گورنر نے وفاقی حکومت کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ایسا ماحول قائم کرنا ضروری ہے جہاں ہر شہری خود کو محفوظ محسوس کرے اور ترقی و خوشحالی کے ثمرات سے مستفید ہو سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبر پختونخوا کو امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے وفاق اور صوبے کے درمیان تعاون جاری رہنا چاہیے۔
اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی صورتِ حال، شہریوں کے تحفظ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
