کسی بھی سرکاری دفتر میں صبح 9بجے تک کسی افسر یا اہلکار موجود نہ ہوتو ان کے خلاف تادیبی کاروائی کی جائیگی، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹرز
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) اسسٹنٹ کمشنر چترال عدنان حیدر ملوکی نے عوام کے نام اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال، تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن سمیت کسی بھی سرکاری دفتر میں صبح 9بجے تک کسی افسر یا اہلکار موجود نہ ہوتو وہ فوری طور پر ان کے دفتر کے نمبر 0943-413686پر اطلاع دے تاکہ ان کے خلاف تادیبی کاروائی کی جائے اور سرکاری دفاتر میں آنے والے عوام کو ریلیف مل سکے۔اپنے دفتر میں مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بالائی حکام کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق انہوں نے ہسپتال سمیت تمام سرکاری دفاتر میں حاضریوں کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے جوکہ گڈ گورننس کو یقینی بنانے کے لئے ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہاکہ بالائی حکام کی طرف سے موصول احکامات کے مطابق اب پبلک کو سروس کی فراہمی میں سستی اور غفلت کے مرتکب افسران اور اہلکاروں کو سخت جوابدہ بنایا جائے گا اور سرکاری ملازمیں کو اپنے فرائض منصبی ادا کرنے میں پہلے سے ذیادہ تندہی اور سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ نے ان احکامات پر عملدرامد میں کوئی کسر نہ چھوڑنے کے لئے حکمت عملی ترتیب دی ہے جس کے مطابق دفاتر کی مانیٹرنگ کا نظام مزید سخت کردیا جائے گا۔