The Voice of Chitral since 2004
Wednesday, 21 October 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او لوئر چترال کے زیر صدارت عوامی نشست کا اہتمام

Chitral Times

ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او لوئر چترال کے زیر صدارت عوامی نشست کا اہتمام

ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او لوئر چترال کے زیر صدارت عوامی نشست کا اہتمام

ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او لوئر چترال کے زیر صدارت عوامی نشست کا اہتمام

.

چترال (نمائند ہ چترال ٹائمز) لوئر چترال کے پولیس خدمت مرکز میں سول سوسائٹی کے نمائندوں اور عمائدین علاقہ کی ایک ‘عوامی نشست’ منعقد ہوئی، جس میں ڈپٹی کمشنر احسان اللہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد خالد خان نے خصوصی شرکت کی۔

نشست کے دوران شرکاء نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے زیر انتظام سڑکوں کے منصوبوں کی تکمیل میں غیر معمولی تاخیر اور کام کے ناقص معیار پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ، شرکاء نے ٹی ایم اے اور سی اینڈ ڈبلیو محکموں کی جانب سے ترقیاتی فنڈز میں مبینہ خرد برد اور بدعنوانی پر بھی گہری تشویش ظاہر کی۔

امن و امان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شرکاء نے ضلع میں مثالی امن پر چترال پولیس کی کارکردگی کو سراہا اور اطمینان کا اظہار کیا، تاہم انہوں نے شہر میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کی نشان دہی کرتے ہوئے اس کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر احسان اللہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی شکایات کا ازالہ اور ضلعی انتظامیہ و عوام کے درمیان فاصلوں کو ختم کرنا گڈ گورننس کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ انتظامیہ اور عوام کے مابین کسی بھی قسم کے عدم اعتماد کو پیدا نہیں ہونے دیں گے اور اس مقصد کے لیے تمام مناسب اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ڈی سی نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اپنے دائرہ اختیار اور اختیارات کے اندر رہتے ہوئے علاقے اور عوام کے تمام مسائل حل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

ڈی پی او محمد خالد خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے میں چترال کے عوام کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے امن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امن کے بغیر کوئی بھی علاقہ ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ چترال میں مثالی امن کا پورا کریڈٹ یہاں کے پرامن عوام کو جاتا ہے، جس کی مثال صوبے کے کسی دوسرے حصے میں نہیں ملتی۔ ڈی پی او نے منشیات فروشوں کی سرکوبی کا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ عوام کے تعاون سے چترال کو منشیات سے پاک کیا جائے گا اور پولیس اس حوالے سے انتہائی چوکسی کا مظاہرہ کرے گی۔

نشست میں اظہار خیال کرنے والے اہم عمائدین میں ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی، حاجی عید الحسین، ضیاء الدین، وجیہہ الدین، لیاقت علی، ظفر احمد، محمد ولی شاہ، عیسیٰ خان، نیاز اے نیازی ایڈووکیٹ،غلام اسحق خان، شبنم ناصر اور دیگر شامل تھے

chitraltimes dc and dpo lower chitral public gathering 2 chitraltimes dc and dpo lower chitral public gathering 3 chitraltimes dc and dpo lower chitral public gathering 1