چترال میں الرحمن ویلفیئر فاؤنڈیشن کینیڈا کے زیرِ اہتمام 19 جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) لوئر چترال میں الرحمن ویلفیئر فاؤنڈیشن کینیڈا کے زیرِ اہتمام 19 جوڑوں کی اجتماعی شادی کی پروقار تقریب چترال میں منعقد ہوئی، جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال محمد خالد خان (PSP) نے خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر ڈی پی او محمد خالد خان نے الرحمن ویلفیئر فاؤنڈیشن کینیڈا کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ اجتماعی شادیوں کا انعقاد ایک قابلِ تحسین فلاحی اقدام ہے، جس سے مستحق خاندانوں کو شادی کے اخراجات کے حوالے سے درپیش مالی مشکلات کم کرنے اور خوشیوں بھری نئی زندگی کا آغاز کرنے میں مدد ملتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے کے مستحق اور ضرورت مند افراد کی مدد کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ایسے فلاحی اقدامات معاشرے میں محبت، ہمدردی، بھائی چارے اور باہمی تعاون کے جذبات کو فروغ دیتے ہیں۔
ڈی پی او لوئر چترال نے اجتماعی شادی کی تقریب کے انعقاد پر الرحمن ویلفیئر فاؤنڈیشن کینیڈا کی انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ فاؤنڈیشن کی جانب سے فلاحی سرگرمیوں کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
