گورنرخیبرپختونخوا کا پولیس کی تنخواہوں اور شہداء پیکج سمیت مختلف مراعات میں اضافہ کا اعلان
۔
پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پولیس کی تنخواہوں اور شہداء پیکج سمیت مختلف مراعات میں اضافہ کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ پولیس کیلئے تنخواہوں کے پیکج میں توقعات سے بڑھ کر اضافہ کیاجائیگا۔ خیبرپختونخوا پولیس کی تنخواہیں باقی صوبوں کی تنخواہوں سے بہتر ہونی چاہیے.
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس پشاور میں پولیس شہداء کے ورثاء میں پلاٹوں کے الاٹمنٹ لیٹرز تقسیم کرنے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا. تقریب میں ایڈوائزری کونسل کے اراکین ، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان، آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید، پولیس افسران اور شہداء کے ورثاء نے شرکت کی. اس موقع پر گورنر نے کانسٹیبل سے ڈی ایس پی تک 54 پولیس شہداء کے ورثاء میں پلاٹوں کے الاٹمنٹ لیٹرز تقسیم کیے.
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ پولیس شہداء اور زخمی اہلکاروں کے معاوضوں میں بھی اضافہ کیا جائیگا. انہوں نے ڈیوٹی کے دوران زخمی پولیس اہلکاروں کے معاوضوں میں بھی اضافہ کا اعلان کیا جبکہ پولیس شہداء کے بچوں کے لیے پلاٹ کی بجائے گھر کی خریداری کیلئے مالی معاونت کا بھی اعلان کیا گیا. گورنر نے دہشت گردی واقعات میں پولیس اہلکاروں کے خاندان کے افراد والدین، شریک حیات، بچے اور بہن بھائی کے قتل کی صورت میں خصوصی مالی معاونت پیکج متعارف کرانے کا بھی اعلان کیا. انہوں نے دہشت گردی، پولیس مقابلے اور امن و امان کی ڈیوٹی کے علاوہ دیگر وجوہات سے وفات پر بھی پولیس اہلکاروں کے خاندانوں کیلئے بھی مالی معاونت کا اعلان کیا. اس کے علاوو گورنر نے پولیس شہداء کی بیٹیوں کی شادی کے لیے خصوصی تحفے کی منظوری کا بھی اعلان کیا.
گورنر نے شہداء کے بچوں کو مفت تعلیم کی فراہمی کے لیے مؤثر نظام مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زمردخان کی زیرسرپرستی سویٹ ہومز اور بینکوں کے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (CSR) پروگرامز کے تعاون سے شہداء کے بچوں کی تعلیم کا انتظام کیا جائے. گورنر نے کہا کہ پولیس نفری کی کمی دور کرنے کے لیے خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا عمل تیز کیا جائے، پولیس اہلکاروں پر کام کا غیرضروری دباؤ کم کرنے اور عوام کے تحفظ کے لیے مطلوبہ نفری کی دستیابی یقینی بنائی جائے.
