دو روزہ ’چترال ایکسپو‘ اختتام پذیر، مختلف اسٹالز لوگوں کی توجہ کے مرکز رہے
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان اور چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے منعقدہ تیسرا دو روزہ ’چترال ایکسپو‘ اتوار کی شام کو ایک مقامی ہوٹل میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی سرحد رورل سپورٹ پروگرام (SRSP) کے ریجنل پروگرام مینیجر طارق احمد تھے، جنہوں نے نمائش کے شرکاء اسٹال ہولڈرز میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹی ڈی اے پی کے ڈائریکٹر جنرل نعمان بشیر، ایس آر ایس پی کے طارق احمد، سی سی سی آئی کے صدر انجینئر فواد اعظم، اور اپر چترال سے ویمن بزنس رہنما فضیلہ اعظم نے اس ایکسپو کو انتہائی کامیاب قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایونٹ چترال کی تجارتی اور کاروباری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
اس سے قبل، بزنس کانفرنس کے دوران مختلف سرکاری محکموں اور اداروں کے سربراہان اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ جن میں ایس آر ایس پی، سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ (SIDB)، بینک آف خیبر اور دیگر اداروں کے نمائندے شامل تھے۔ انہوں نے چترال کی مجموعی ترقی اور مقامی کاروبار کو فروغ دینے میں اپنے اپنے اداروں کے کلیدی کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اس موقع پر چترال چیمبر آف کامرس کے سابق صدور محمد وزیر خان، حاجی محبوب اعظم بھی موجود تھے۔








