چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (سی سی سی آئی) کی نو منتخب کابینہ کی تقریب حلف برداری
.
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (سی سی سی آئی) کی نو منتخب کابینہ کی حلف برداری کی پروقار تقریب جمعرات کے روز ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) کے ڈائریکٹر جنرل نعمان بشیر نے تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے، جنہوں نے نو منتخب عہدیداروں سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔
حلف اٹھانے والوں میں چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نو منتخب صدر انجینئر فہد اعظم اور دیگر کابینہ اراکین سینئر نائب صدر قاضی فیصل احمد سعید اور نائب صدر معراج حسین شامل ہیں۔ تقریب میں علاقے کے ممتاز کاروباری شخصیات، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور مقامی عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نعمان حسین بشیر اور دیگر مقررین نے لواری ٹنل کی تعمیر کے بعد چترال میں تجارتی اور کاروباری مواقع پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ لواری ٹنل کے فعال ہونے کے بعد چترال اب پورے سال ملک کے دیگر حصوں اور بین الاقوامی منڈیوں سے جڑ چکا ہے، جس سے علاقے میں تجارت، سیاحت اور معدنیات کے شعبوں میں ترقی کے نئے افق روشن ہوئے ہیں۔
مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ اس بدلتے ہوئے تجارتی منظر نامے میں چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ایک کلیدی اور مرکزی کردار ادا کرے گا۔ چیمبر نہ صرف مقامی تاجروں کے مسائل کو اعلیٰ ایوانوں تک پہنچائے گا بلکہ چترال میں مقامی اور بیرونی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے بھی ایک مضبوط پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ نو منتخب صدر فہد اعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ چترال کے تاجر برادری کے اعتماد پر پورا اتریں گے اور علاقے کی معاشی خوشحالی کے لیے د ل و جان سے کام کریں گے۔
